• صارفین کی تعداد :
  • 214
  • 2/14/2018 3:51:00 PM
  • تاريخ :

’امریکا کی طرف سے یکطرفہ کارروائی کی صورت میں جواب دیا جائے گا‘

وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ امریکا کی جانب سے پاکستان میں کسی بھی قسم کی یکطرفہ کارروائی کی صورت میں نہ صرف دو طرفہ تعلقات کو ناقابل تلافی نقصان ہوگا بلکہ اس کا جواب دیا جائے گا۔

 
’امریکا کی طرف سے یکطرفہ کارروائی کی صورت میں جواب دیا جائے گا‘

وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ امریکا کی جانب سے پاکستان میں کسی بھی قسم کی یکطرفہ کارروائی کی صورت میں نہ صرف دو طرفہ تعلقات کو ناقابل تلافی نقصان ہوگا بلکہ اس کا جواب دیا جائے گا۔

امریکی نیوز چینل سی این این کو دیے گئے ایک انٹرویو میں وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ پاکستان میں کسی بھی طرح کی یکطرفہ کارروائی ریڈ لائن ثابت ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی ایک باوقار قوم ہیں اور ہم باہمی اعتماد پر دوستی چاہتے ہیں لیکن پاکستان کو دبانے یا دباؤ ڈالنے کی کوئی بھی کوشش کی گئی تو اس کا جواب دیا جائے گا۔

وزیر داخلہ نے بتایا کہ پاکستان دہشتگردی سے براہ راست متاثر ہوا ہے اور ہم نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں بے پناہ قربانیاں دی ہیں اور ’ دنیا میں کوئی ایسا ملک نہیں جس نے گزشتہ سالوں میں دہشتگردی کے خلاف اتنی قربانیاں اور اتنا تعاون کیا ہو جتنا پاکستان نے کیا ہے۔‘

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے اس جنگ میں 60 ہزار لوگوں کی جانوں کا نظرانہ پیش کیا اور اس کی معیشت کو 25 ارب ڈالر کا نقصان اٹھانا پڑا۔

امریکا کی جانب سے پاکستان کو دی جانے والی امداد پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہم نے دہشت گردی سے جنگ کے عزم کا اعادہ کیا ہے اور امریکا یا یو ایس ایڈ کی جانب سے آنے والی امداد بہت معمولی ہے۔

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ پاکستان یہ جنگ امریکی امداد کے لیے نہیں لڑ رہا بلکہ ہم یہ جنگ اپنے لوگوں اور ان کے مستقبل کے لیے لڑ رہے ہیں۔

انٹرویو کے دوران انہوں نے واضح طور پر کہا کہ امریکا کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کی بات کی جائے تو ہمارا موقف واضح ہے کہ ہمیں ’امداد کی نہیں تجارت‘ کی ضرورت ہے اور اسلام آباد امریکا کو ایک امداد دینے والے ملک کے بجائے اپنا ترقی کا ساتھی دیکھنا چاہتا ہے۔