• صارفین کی تعداد :
  • 1531
  • 1/18/2018 2:25:00 PM
  • تاريخ :

بلڈ پریشر میں کمی لانے والی غذائیں

ایک سروے کے مطابق تقریبا 52 فیصد پاکستانی آبادی ہائی بلڈ پریشر کا شکار ہے اور 42 فیصد لوگوں کو معلوم ہی نہیں کہ وہ ہائی بلڈ پریشر کے مرض میں مبتلا ہیں۔

 
بلڈ پریشر میں کمی لانے والی غذائیں


فشار خون یا بلڈ پریشر کو خاموش قاتل بھی کہا جاتا ہے جو آہستہ آہستہ جسم کو مختلف امراض کا شکار کرکے موت کی جانب لے جاتا ہے خاص طور پر اس کے شکار افراد میں شدید غصہ دماغ کو جانے والی شریان کے پھٹنے کا خطرہ بڑھا دیتا ہے جس سے فالج جیسا مرض لاحق ہوسکتا ہے۔

اس مرض کے شکار افراد کے لیے غذا بھی خاص ہوتی ہے خاص طور پر نمک سے گریز کیا جاتا ہے تاہم ایسی خوراک کی کمی نہیں جو منہ کا مزہ بھی برقرار رکھتی ہیں اور بلڈپریشر کو بھی قدرتی طور پر متوازن سطح پر رکھتی ہیں۔

ایک سروے کے مطابق تقریبا 52 فیصد پاکستانی آبادی ہائی بلڈ پریشر کا شکار ہے اور 42 فیصد لوگوں کو معلوم ہی نہیں کہ وہ ہائی بلڈ پریشر کے مرض میں مبتلا ہیں۔

ایسے ہی چند فوڈز کے بارے میں جاننا آپ کے لیے انتہائی مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔

جو کا دلیہ
جو کا دلیہ میگنیشیم سے بھرپور ہوتا ہے اور ایک طبی تحقیق کے مطابق جو کے دلیہ کا استعمال فشار خون کے شکار افراد کے بلڈ پریشر کو نمایاں حد تک کم کرنے میں مدد دیتا ہے۔ اس دلیے میں پائی جانے والی فائبر دل کی صحت کے لیے اہم قرار ادا کرتی ہے۔ اسے مختلف پھلوں کے ساتھ استعمال کرکے بھی منہ کا ذائقہ دوبالا کیا جاسکتا ہے۔

پستہ
گریوں کا زیادہ استعمال بلڈ پریشر کی سطح کم کرتا ہے، مختلف طبی تحقیقی رپورٹس کے مطابق پستے میں موجود اجزاءبلڈ پریشر کو کم کرنے کے حوالے سب سے بہترین ہوتے ہیں۔ پستے میں میگنیشم، پوٹاشیم اور فائبر وغیرہ موجود ہوتے ہیں جو سب بلڈ پریشر کو بہتر بنانے میں کردار ادا کرتے ہیں، کچھ مقدار میں پستے روزانہ کھانے سے طاقتور اینٹی آکسائیڈنٹس بھی جسم کا حصہ بنتے ہیں۔

مچھلی
مچھلی پروٹین اور وٹامن ڈی کے حصول کا بہترین ذریعہ ثابت ہوتی ہے اور یہ دونوں بلڈپریشر کی شرح کم کرنے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں، اس کے علاوہ مچھلی میں صحت بخش اومیگا فیٹی ایسڈز بھی شامل ہوتے ہیں جو دوران خون کولیسٹرول کی شرح کو کم رکھنے کے لیے فائدہ مند عنصر ہے۔

مالٹے
مالٹے پوٹاشیم سے بھرپور ہوتے ہیں اور جیسا بتایا جاچکا ہے کہ پوٹاشیم بلڈ پریشر کو کنٹرول میں رکھنے کے لیے اہم جز ہے۔ اسی طرح اس ترش پھل میں پائے جانے والا فلیونوئڈز کی ایک قسم خون کی شریانوں کے مسائل کا خطرہ کم کرتا ہے اور شریانوں کے افعال کو بہتر رکھتا ہے۔

دالیں
دالیں، چنے، کالے چنے وغیرہ فائبر اور پوٹاشیم سے بھرپور ہوتے ہیں جو بلڈ پریشر کو بہتر بنانے میں مدد دینے والے اجزاءہیں۔ ایک تحقیق کے مطابق دالیں بلڈ پریشر سے نجات کے لیے بہترین غذا ہے۔

چقندر
چقندر میگنیشم اور پوٹاشیم سے بھرپور سبزی ہے جو کہ ہائی بلڈ پریشر سے مقابلے کے لیے بہترین اجزاءہیں۔ اسی طرح ان میں غذائی نائٹریٹ کی مقدار زیادہ ہوتی ہے جو بلڈ پریشر کو کنٹرول میں رکھنے میں مدد دیتا ہے۔ نظام ہضم کے دوران یہ جز نائٹرک آکسائیڈ میں ہوجاتا ہے اور جذب ہوکر بلڈ پریشر پر مثبت انداز سے اثرات مرتب کرتا ہے۔

نوٹ: یہ مضمون عام معلومات کے لیے ہے۔ قارئین اس حوالے سے اپنے معالج سے بھی ضرور مشورہ لیں۔