امام خمینی(رہ)کےآثـــار اورتصانیف (حصّہ ہشتم)
۱۷. توضیح المسائل:
یہ کتاب آپ کے مقلدین کیلئے شرعی احکام میں آپ کے فتاویٰ اور رسالہ عملیہ کی کتاب ہے۔ یہ کتاب، رسالہ نجاۃ العباد کے بعد تحریر کی گئی اور فارسی کی نجاۃ العباد کے مانند ہے۔ یہ فقہ کے مختلف ابواب پر مشتمل ہے اور درحقیقت لوگوں کیلئے احکام ومسائل بیان کرنے کی اس روش کا تسلسل ہے جس کا آغاز مرحوم آیت اﷲ بروجردی ؒ(م ١٣٤٠هش، ١٩٦١ ء) کی مرتب ومنظم کردہ کتاب کے طرز واسلوب سے ہوا اور بعد میں آنے والے فارسی زبان مجتہدین نے اسی انداز میں اپنے فتاوی کی کتابیں تحریر کیں۔
۱۸. جہاد اکبر یا جہاد بالنفس:
یہ امام خمینی ؒکے اخلاقی وعرفانی آثار میں سے ایک دوسری کتاب ہے۔ یہ کتاب ان دروس پرمشتمل ہے جو آپ نے نجف اشرف میں اپنے شاگردوں اور طالب علموں کو دئیے تهے اور ملموس ومحسوس ہونے کی وجہ سے اس کے مطالب نہایت مشہور ہوئے اور کیسٹوں کو سن کر ان کو تحریر کیا گیا اور پهر مختلف فارسی وعربی زبانوں میں اسلامی انقلاب سے پہلے اور اس کے بعد شائع کیا گیا۔
۱۹. حاشیہ بر رسالہ ارث:
یہ کتاب منتخب التواریخ ملا محمد ہاشم خراسانی کے مولف کی ایک کتاب پر حاشیہ ہے۔ بعض دوسرے افراد جیسے سید ابو الحسن اصفہانی ؒ، شیخ عبد الکریم حائری ؒ اور آقا حسین قمی ؒنے بهی اس پر حاشیہ لکها ہے۔ یہ کتاب فارسی میں لکهی گئی ہے اور امام خمینی ؒنے یہ حواشی تقریباً ١٣٧٢هق میں تحریر کئے۔ اس کتاب پر آپ کے حواشی لکهنے کی وجہ شاید یہ ہو کہ مرحوم سید ابو الحسن اصفہانی ؒکی وسیلۃ النجاۃ کی میراث کی بحث ناتمام ہے۔ یہ کتاب پہلی مرتبہ قم میں ١٣٧٨هش (١٩٩٩ ئ) میں ادارہ تنظیم ونشر آثار امام خمینی ؒنے متن کی تصحیح کے ساته شائع کی۔ ( جاری ہے )