15 شعبان
15 شعبان سنہ 255 ھ ق کو فرزند رسول (ص) منجی عالم بشریت حضرت امام مہدی (عج) کی عراق میں واقع شہر سامرا میں ولادت ہوئی ۔آپ رسول اکرم (ص) کے ہم نام ہیں اور آپ کے سب سے زیادہ مشہور لقب مہدی ، یعنی ہدایت شدہ اور قائم یعنی قیام کرنے والا ہیں ۔آپ نے اپنی زندگي کے ابتدائی 5 سال اپنے والد حضرت امام حسن عسکری (ع) کے ساتھ گزارے ۔حضرت امام حسن عسکری (ع) کی شہادت کے بعد جب آپ نے لوگوں کی امامت کی ذمہ داری سنبھالی تو دشمنوں کی کثرت کے سبب حکم خدا سے دنیا کی نظروں سے پوشیدہ ہوگئے لیکن اس کے باوجود حضرت امام مہدی (عج) کا تقریبا 69 سال تک اپنے مخصوص نائبین کے توسط سے لوگوں کے ساتھ تعلق برقرار رہا اور آپ نے ان کی ہدایت و رہنمائی فرمائی ۔اس کے بعد آپ حکم خدا سے نامعلوم مدت کے لئے سب کی نظروں سے غائب ہوگئے ۔جب بھی خدا چاہیگا آپ ظہور فرمائیں گے اور عدل الہی کی بنیاد پر عالمی حکومت قائم کریں گے ۔مہدی موعود کی اس عالمی حکومت کا ایک عالمی تصور ہے ،جو کسی نہ کسی شکل میں تمام الہی مذاہب میں موجود ہے اور ان سب کے یہاں حضرت امام مہدی کی حکومت کی ایک اہم خصوصیت عدل و انصاف قائم ہونا ہے ۔آپ کے انصاف کا عالم یہ ہوگا کہ دنیا کے لوگوں کے غصب کئے گئے حقوق اس طرح بحال ہوں گے کہ روئے زمین سے ، ظلم و ناانصافی کا خاتمہ ہوجائے گا ۔یہی وجہ ہے کہ حضرت امام مہدی کی ذات گرامی اور آپ کا قیام ان مظلوموں کے لئے بہت بڑی امید اور سہارا ہے جو ظلم و جور کے خلاف جد وجہد کررہے ہیں تاکہ آپ کے ظہور کے لئے جلد از جلد ،بہتر سے بہتر راہ ہموار ہوجائے ۔خداوند عالم نے بھی اس کی طرف اشارہ کرتے ہوئے سورۂ قصص کی آیت 5 میں فرمایا ہے کہ : اور ہم یہ چاہتے ہیں کہ جن لوگوں کو زمین میں کمزور بنادیا گيا ہے ان پر احسان کریں اور انہیں لوگوں کا پیشوا بنائیں اور زمین کا وارث بنائیں ۔