تاج محل آگرہ
یہ ایک تاریخی عمارت کا نام ہے جو مغل بادشاہ شاہ جہان نے اپنی محبوب بیوی ارجمند بانو کی یاد میں تعمیر کروائی ۔ یہ ہندوستان کے صوبے اترپردیش میں واقع شہر آگرہ میں ہے اور آج تک عجائبات دنیا میں شمار ہونے والی یہ عمارت شاہجہان کی بیوی ارجمند بانو بیگم کی محبت کی یادگار ہے ۔
اس عمارت کی تعمیر میں اسلامی اور ہندوستانی فن تعمیر کے ماہر ہنرمندوں نے حصہ لیا اور یہی وجہ ہے کہ یہ عمارت ایرانی اور ہندوستانی فن تعمیر کا مرکب نظر آتی ہے ۔
اس عمارت کی تعمیر 1632 ء میں شروع ہوئی اور 1653 ء کے لگ بھگ اس کو مکمل کر لیا گیا ۔ یہ عمارت دریاۓ جمنا کے کنار ے واقع اور انسانی فن تعمیر کا ایک بہترین شاہکار ہے ۔ ایک اندازے کے مطابق اس پر 3 سے 4 کروڑ روپے خرچ ہوۓ ۔
اس کا نقشہ بہت ہی محنت اور بحث کے بعد تیار کیا گیا ۔ پہلے لکڑی کا ماڈل بنا اور پھر استاد عیسی کی نگرانی میں اس کی تعمیر ہوئی ۔ اس وقت استاد عیسی کو شاہی خزانے سے ایک ہزار روپے ماہانہ تنخواہ ملا کرتی تھی ۔ یہ عمارت 186 فٹ مربع میں تعمیر کی گئی ہے ۔
اس کے گنبد کا قطر 58 فٹ ہے اور اس کی بلندی 210 فٹ تک پہنچتی ہے ۔ جس چبوترے پر یہ روضہ بنایا گیا ہے وہ زمین سے 18 فٹ اونچا اور 313 فٹ مربع ہے ۔ اس کے چاروں طرف 133 فٹ بلند مینار ہیں ۔
آس پاس کی سرزمین بھی سرسبزوشاداب ہے اور اس سے تاج محل کی خوبصورتی میں بہت اضافہ ہو گیا ہے ۔ یہ عمارت اس دنیا میں محبت اور وفا کا بے مثال مظہر ہے ۔
شعبۂ تحریر و پیشکش تبیان