• صارفین کی تعداد :
  • 6150
  • 1/4/2009
  • تاريخ :

فلپائن کی لوک کہانی

philpine

فلپائن ميں پھلوں کا بادشاہ آم وافر مقدار ميں پايا جاتا ہے۔ ہر جگہ آموں کے درخت پھلوں سے لدے نظر آتے ہيں،آم کی شکل چونکہ اہم انسانی عضو، دل سے ملتی ہے اس لئے فلپائن کے لوگوں نے اس کے متعلق ايک کہانی منسوب کر رکھی ہے ۔

بہت عرصہ پہلے ايک گاؤں ميں ايک بہت پیاری بچی علیشہ اپنے والدين کے ساتھ رہا کرتی تھی ۔علیشہ کی امی بہت رحم دل اور نرم مزاج کی خاتون تھیں جبکہ اس کے ابو بہت غصے والے تھے-

علیشہ کا مزاج اپنی امی کی طرح ہی دھیما اور بہت اچھا تھا وہ پورے گاؤں ميں اپنی خوبصورتی اور نيک سیرتی کی وجہ سے بہت مشہور تھی۔

علیشہ کو تعلیم دلوانے کے بعد اس کے والدين نے اس کی شادی کا سوچا ،بہت سے لوگ چاہتے تھے کہ اچھے مزاج کی مالک علیشہ ان کے گھر آئے مگرايک نوجوان جس کا نام سحاب تھا اس نے علیشہ کے والدين کو شادی کے لیے بہت زور دیا۔ يہ نوجوان بہت امیر تھا ليکن اس کے ساتھ ساتھ اس کے والد کی طرح بہت غصے والا بھی تھا۔

 

علیشہ نے اپنے والد کو بہت منع کیا کہ وہ لڑاکے سحاب سے اس کی شادی نہ کريں کیونکہ اس کا مزاج بہت مختلف ہے مگر اس کے والد کو سحاب نے اپنی دولت سے متاثر کر لیا اور شادی کے لیے ہاں کر دی گئی۔ شادی والے روز دونوں گھروں ميں بہت چراغاں کیا گیا اور بہت سے لوگوں کو دعوت ميں بلايا گیا۔

سب لوگ علیشہ کے کمرے ميں آئے تو وہ غائب تھی سب گھر والے بہت پريشان ہوئے انہوں نے پورا گھر اور گاؤں چھان مارا مگر علیشہ کا کہیں سراغ نہ ملا۔ شام تک جب سب لوگ علیشہ کو ڈھونڈ کر تھک چکے تھے تب ايک شخص نے علیشہ کو نہر ميں گرے ديکھا ،وہ مر چکی تھی اب اس کے والد کو اپنے فيصلے پہ بہت پچھتاوا ہوا۔

 

سب گاؤں والے علیشہ کی موت سے بہت پريشان ہوئے انہوں نے روتے روتے اسے دفن کیا اور اس کے ماں باپ کو تسلی دی ۔ايک رات علیشہ کے والد نے خواب ميں علیشہ کو ديکھا وہ کہہ رہی تھی کہ ميں آپ کے لیے اور پورے گھر والوں کے لیے بہت خوبصورت تحفہ لائی ہوں تاکہ سب مجھے ہميشہ ياد رکھيں ۔آپ ميری قبر پر آ کر تحفہ ديکھيں۔

صبح ہوئی تو اس کے والد نے خواب اپنی بیوی کو سنايا اور دونوں قبرستان گئے انہوں نے ديکھا کہ علیشہ کی قبر پر ايک درخت بہت خوشبودار اور خوبصورت پھلوں سے لدا کھڑا ہے ۔ يہ درخت ديکھنے کے لیے سب گاؤں والے جمع ہو گئے درخت پہ لگا دل کی شکل کا پھل بہت میٹھا اور مزيدار تھا۔ تب سے آج تک فلپائن آموں سے بھرا پڑا ہے وہاں کے لوگ علیشہ کو ياد کرتے ہيں اورسیاحوں کو بھی يہ کہانی سناتے ہيں۔


متعلقہ تحریریں :

 بہادر خاتون

 سبق آموز کہانی