• صارفین کی تعداد :
  • 2457
  • 11/22/2008
  • تاريخ :

ہم اپنے ایٹمی حقوق پائمال نہيں ہونے دیں گے

 آیت اللہ ہاشمی رفسنجانی  

تہران کی مرکزی نماز جمعہ تشخیض مصلحت نظام کونسل کے سربراہ آیت اللہ ہاشمی رفسنجانی کی امامت میں ادا کی گئي ۔خطیب جمعہ تہران نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران اس بات کی ہرگز اجازت نہیں دے گا کہ پرامن ایٹمی انرجی حاصل کرنے کےتعلق سے ایرانی عوام  کے حقوق پامال کئےجائيں ۔

 

جناب ہاشمی رفسنجانی نے آئي اے ای اے کے ڈائریکٹر جنرل کی تازہ رپورٹ کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ محمد البرادعی نے یہ اعتراف کیا ہےکہ ایران کا ایٹمی پروگرام قانون کے مطابق ہے اوراس میں کسی بھی طرح کا کوئی انحراف نہيں پایا جاتا  ۔ تہران کے خطیب جمعہ نے مغربی ملکوں کے ان الزامات کی تردیدکی کہ ایران ایٹمی پروگرام کے بارےمیں کچھ چیزوں کوچھپا رہاہے اور کہا کہ مغرب کے یہ دعوے درست نہیں ہیں کیونکہ البرادعی رپورٹ کے مطابق مغرب کے بے بنیاد دعووں کے حق میں کسی طرح کا ثبوت موجود نہیں ہے ۔

 

آيت اللہ ہاشمی  رفسنجانی نے کہا کہ ایران آئي اے ای اے سے یہ توقع رکھتا ہےکہ عالمی قوانین کے دائرے میں ایران کے پرامن ایٹمی ٹکنالوجی کے حصول میں رکاوٹ نہ بنے بلکہ مغرب کے بے بنیاد دعووں کا مقابلہ کرے ۔جناب ہاشمی رفسنجانی نے عالمی مالیاتی بحران کو مغرب کی غلط پالیسیوں کا نتیجہ قراردیا اور کہا کہ غریب ملکوں کو اس سے نقصان ہورہا ہے ۔

 

آیت اللہ ہاشمی  رفسنجانی نے کہا کہ بڑھتی ہوئي بے روزگاری، کارخانوں کا بندہونا ، اور بینکوں کا اپنی ذمہ داریوں پرعمل نہ کرنا عالمی مالیاتی بحران کی بنیادی وجوہات ہیں جس سے تمام ممالک متاثر ہوئے ہیں اور اسی کے پیش نظر عالمی سطح پرتعاون ضروری ہوجاتاہے ۔