عورتوں کے احکام
س ۲۱۶: اگر ميري والدہ خاندان نبوت سے ہو تو کيا ميں بھي سيداني ہوں؟ پس کيا ميں بھي اپني ماہانہ عادت کو ساٹھ سال تک حيض قرار دوں اور ان ايام کے دوران روزہ اور نماز سے پرہيز کروں؟
ج: جس عورت کا باپ ہاشمي نہيں ہے، اگر چہ اس کي ماں سيداني ہو، اگر وہ پچاس سال کے بعد خون ديکھے تو وہ استحاضہ کے حکم ميں ہے۔
س ۲۱۷: جس عورت نے کسي معين دن کے روزے کي نذر کي ہو پھر اس دن اسے معين روزہ کي حالت ميں حيض آ جائے، اس کا فريضہ کياہے؟
ج: حيض آنے سے اس کا روزہ باطل ہو جائے گا چاہے وہ دن کے کسي بھي حصہ ميں آئے اور پاک ہونے کے بعد اس پر روزہ کي قضا واجب ہے؟
س۲۱۸: اس رنگ يا دھبے کا کيا حکم ہے جو عورت اپني پاکي کے اطمينا ن کے بعد ديکھتي ہے جبکہ يہ معلوم ہے کہ نہ اس ميں خون کي علامات ہيںاور نہ ہي پاني ملے خون کي؟
ج: اگر وہ خون نہيں ہے تو اس پر حيض کا حکم نہيں لگے گا ليکن اگر خون ہے اور اس نے دس دن سے تجاوز نہيں کيا تو وہ حيض کا حکم رکھتا ہے اگر چہ وہ زرد رنگ کے داغ کي صورت ميں ہي ہو اور موضوع کو تشخيص دينا عورت کا کام ہے۔
س ۲۱۹: روزے رکھنے کے لئے دوا کے ذريعہ ماہانہ عادت کو بند کرنے کا کيا حکم ہے۔
ج: اس ميں کوئي حرج نہيں ہے۔
س ۲۲۰: اگر حمل کے دوران عورت کو تھوڑا سا خون آ جائے ليکن اس کا حمل ساقط نہ ہو تو کيا اس پر غسل واجب ہے يا نہيں؟ اور اس کي ذمہ داري کيا ہے؟
ج: اثناءحمل ميں عورت جو خون ديکھتي ہے اگر اس ميں حيض کي صفات اور شرائط ہيں يا وہ حيض کي عادت کے زمانے ميں آئے اورتين دن تک مسلسل رہے اگر چہ اندرہي رہے تو وہ حيض ہے ورنہ استحاضہ ہے۔
س ۲۲۱: ايک عورت کي ماہانہ عادت معين تھي جيسے ايک ہفتہ ليکن پھر اسے مانع حمل چھلہ (loop) رکھوانے کے سبب ہر ماہ ٢١ روز خون آنے لگا تو کيا يہ سات روز سے زيادہ آنے والا خون حيض ہو گا يا استحاضہ؟
ج: اگر دس دن تک خون بند نہ ہو تو اس کي عادت کے ايام حيض شمار ہوں گے اور باقي استحاضہ۔
س ۲۲۲: کيا حيض يا نفاس والي عورت، ائمہ (عليہم السلام)کي اولاد کے مقبروں ميں داخل ہو سکتي ہے؟
ج: ہوسکتي ہے۔
س ۲۲۳: جو عورت حمل ضائع کراتي ہے کيا وہ نفاس کي حالت ميں ہے يا نہيں؟
ج: بچہ ساقط ہونے کے بعد، خواہ وہ لوتھڑا ہي ہو، اگر عورت خون ديکھتي ہے تو اس پر نفاس کا حکم جاري ہوگا۔
س ۲۲۴: اس خون کا کيا حکم ہے جسے عورت يائسہ ہونے کے بعد ديکھتي ہے؟ اور اس کا شرعي فريضہ کيا ہے؟
ج: استحاضہ کے حکم ميں ہے۔
س ۲۲۵: ناخواستہ بچوں کي ولادت سے اجتناب کے لئے مانع حمل طريقوں ميں سے ايک طريقہ، دواؤں کا استعمال ہے، اور جو عورتيں ان دواؤں کو استعمال کرتي ہيں وہ ماہانہ عادت کے ايام اور ان کے علاوہ دوسرے دنوں ميں بھي خون کے داغ دھبے ديکھتي ہيں ان کا کيا حکم ہے؟
ج: اگر ان داغ دھبوں ميں شريعت ميں بيان کردہ حيض کي شرطيں نہيں پائي جاتيں تو وہ حيض کے حکم ميں نہيں ہيں، بلکہ ان پر استحاضہ کا حکم لگايا جائے گا۔