مشہد مقدس میں کوہ سنگی پارک کے خوبصورت نظارے
آیئے! آج آپ کو ایران کے دوسرے بڑے شہر مشہد مقدس کے مشہور پارک "کوہسنگی" کی سیر کراتے ہیں۔
آیئے! آج آپ کو ایران کے دوسرے بڑے شہر مشہد مقدس کے مشہور پارک "کوہسنگی" کی سیر کراتے ہیں۔
کوہسنگی پارک اسلامی جمہوریہ ایران کے صوبہ خراسان رضوی کے مرکزی اور تاریخی شہر مشہد الرضا میں واقع ہے۔
یہاں سیاحت کیساتھ ساتھ کھیل کود کی سہولیات بھی مکمل طور پر دستیاب ہیں جن میں بچوں کے لئے مختلف قسم کے جھولے، خرید و فروش کے لئے نہایت جدید طرز کی مارکیٹیں، ریسٹورنٹس، کھیل کے میدان وغیرہ شامل ہیں۔
کوہسنگی پارک اسلامی جمہوریہ ایران کے چند انتہائی اہم اور خوبصورت ترین تفریحی مقامات میں شمار کیا جاتا ہے۔
ہرسال پاکستان سمیت دنیا بھر سے ہزاروں سیاح اس خوبصورت پارک کی سیر کے لئے یہاں آتے ہیں اور یہاں کی خوبصورتی کو اپنے کیمرے کی آنکھ میں بند کر کے اپنے اپنے ممالک واپس چلے جاتے ہیں۔
اس پارک کی خاص بات یہ ہے کہ ہر سال موسم بہار کی آمد اور درختوں پر پھولوں کے شکوفے کھلنے سے اس پارک میں خاص خوشبو پورے علاقے کو معطر کردیتی ہے۔
واضح رہے کہ کوہ سنگی قدیم الایام سے صوبہ خراسان کے لوگوں کے لئے ایک تفریحی مقام کی حیثیت رکھتا تھا اب ایران کی حکومت نے کروڑوں روپے خرچ کرکے پورے ملک کے اہم ترین اور خوبصورت ترین تفریحی مقامات میں تبدیل کردیا ہے۔
حکومت نے اس پارک میں ایک مصنوعی جھیل بھی بنائی ہے جس میں ایک بہت بڑا فوارہ بھی بنایا گیا ہے جو ہر آنے والے سیاح کی توجہ کو اپنے طرف جلب کرتا ہے۔
پارک کی خصوصیات میں سے ایک یہ ہے کہ اس میں ایک عالی شان قسم کی مسجد تعمیر کی گئی ہے جو فن تعمیر میں لاثانی ہے۔
وجہ تسمیہ: چونکہ یہ پارک ایک پہاڑ کے دامن میں واقع ہے اس لئے پارک کوہ سنگی کہا جاتاہے، یہاں کی انتظامیہ نے پہاڑ کے بالائی حصوں پر پائپ کے ذریعے پانی پہنچایا ہے جو نیچے گرتے ہوئے ایک قدرتی حسن کا نظارہ بھی پیش کرتا ہے۔
یہ پارک تقریبا 20،000 مربع میٹر کے رقبے پر محیط ہے۔
یہاں پر "باغ ہائے ہفت گانہ" کے نام سے سات خوبصورت ترین باغات بھی بنائے گئے ہیں جن کے نام مندرجہ ذیل ہیں؛
"باغ پذیرایی، باغ فرهنگی، باغ سنگی، باغ طبیعی، باغ آرامگاه، باغ ورزشی اور باغ تفریحی۔"
خیال رہے کہ کوہ سنگی پارک مشہد مقدس میں ملت پارک کے بعد دوسرا بڑا پارک ہے۔
ایران جغرافیائی محل وقوع، تفریح گاہوں، قدرتی مناظر، زیارت گاہوں اور عظیم تہذیب کی وجہ سے دنیا بھر کے ذی شعور انسانوں کو اپنی طرف جلب کرتا ہے۔
عام طور پر یہ خیال کیا جاتا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی سرزمین خشک اور صحرائی ہے لیکن جب آپ ایران کی سیر پر جائیں گے تو معلوم ہوگا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی حکومت نے اربوں روپے خرچ کرکے ملک بھر میں ہزاروں تفریحی اور سیاحتی مقامات تعمیر کئے ہیں۔
اگرآپ امام رضا علیہ السلام کی زیارت کی غرض سے مشہد مقدس تشریف لائیں تو کوہ سنگی پارک کی سیر کرنا نہ بھولئے گا۔