ايران ميں آئينے سے عمارت کي سجاوٹ
آئينوں سے سجاوٹ کا ہنر
قديم زمانے کے يوناني سائنسدانوں نے اس شيشے کي ايک خاص خاصيت يعني محدب اور مقعر کے متعلق آشنائي حاصل کي اور اس طرح کے شيشے يا آئينے کو استعمال کرکے وہ سورج کي روشني کو ايک خاص زاويے پر متمرکز کر ليتے اور يوں اس تمرکز کے نتيجے ميں ايک خاص مواد کو آگ لگائي جا سکتي تھي کيونکہ سورج کي شعاعيں جب کسي ايک خاص نقطے پر مرکوز ہو جاتيں تو اس زيادہ حرارت کے نتيجے ميں آگ بھڑک اٹھتي تھي - اس کے علاوہ آئينے کا استعمال دوربين ميں ہونے لگا ، ہوائي جہازوں ميں اس کا استعمال شروع ہوا اور اس کے علاوہ بہت سارے ليباريٹري کے سازو سامان ميں شيشے کا استعمال ممکن ہوا - ہمارے سامنے دنيا کي جديد ترين ٹيلي اسکوپ بھي اسي آئينے کي مرہون منت ہے -
آئينے کو سجاوٹ کے ليۓ بھي استعمال کيا جاتا ہے - ايران ميں سجاوٹ کے ليۓ آئينے کا استعمال بکثرت کيا جاتا ہے - ايران ميں قديم زمانے سے عمارات کو اندر سے سجانے کے ليۓ آئينے کا استعمال کيا جاتا رہا ہے - آئينے کے چھوٹے اور بڑے ٹکڑوں کو استعمال کرکے ان سے سجاوٹ کے ليۓ عمارات ميں استعمال کيے جانے کے ہنر کو آئينہ کاري کہا جاتا ہے- اس کام کے ماہر افراد اس انداز ميں عمارات کے داخلي حصوں ميں آئينے کا استعمال کرتے ہيں کہ عمارت ميں روشني منعکس ہونے سے اندھيرے سے چھٹکارا حاصل ہو جاتا ہے اور عمارت کے حسن ميں اضافہ ہوتا ہے - اس آئينے کے استعمال سے جہاں عمارت کے حسن و جمال ميں اضافہ ہوتا ہے وہيں عمارت کي مضبوطي کے ليۓ بھي يہ آئينے بہت کارآمد تصور کيے جاتے ہيں -
پاني اور آئينے کو ايران کي ثقافت ميں ہمشيہ پاکي اور روشني کي علامت سمجھا گيا ہے - پہلے پہل ايران ميں آئينوں کو يورپ سے منگوايا جاتا تھا اور دور سے منگوانے کي وجہ سے بہت سا نقصان بھي ہوتا تھا کيونکہ بہت سارے آئينے راستے ميں ٹوٹ جايا کرتے تھے - ايراني ہنرمندوں اور ماہرين نے ان ٹوٹے ہوۓ ٹکڑوں کو بڑي مہارت سے مفيد کام کے ليۓ استعمال کيا - صفوي دور حکومت ميں عمارت کے داخلي حصوں کي سجاوٹ کے ليۓ بڑے آئينوں کا بھي استعمال ہوتا تھا - کام ميں بہتري لانے کے ليۓ موجودہ دور ميں آئينے کے اوپر پھر سے آئينے کا استعمال بھي کيا جا رہا ہے- سجاوٹ کے ليۓ استعمال ہونے والے آئينے کے ٹکڑوں کي موٹائي عام طور پر ايک سے دو ملي ميٹر ہوتي ہے ليکن بعض اوقت دو ملي ميٹر سے بھي تھوڑا موٹا آئينہ استعمال ميں لايا جاتا ہے -
شعبۂ تحرير و پيشکش تبيان