اسلام اور مغرب کي نظر ميں انساني حقوق ( حصّہ نہم )
رہبر مسلمين مزيد فرماتے ہيں کہ ايک قسم وہ بھي ہے جس کا آپ صحيفہ سجاديہ(جسے صحيفئہ کاملہ يا زبور آل محمد ع بھي کہا جاتا ہے) ميں مشاہدہ فرماتے ہيں ظاہر ہے، صحيفہ سجاديہ سے متعلق کسي بحث کے لئے بڑي تفصيل و تشريح کي ضرورت ہے- مناسب يہي ہے کہ کوئي اس کتاب پر باقاعدہ کام کرے صحيفہ سجاديہ دعاوں کا ايک ايسا مجموعہ ہے جس ميں ان تمام موضوعات کو موردِ سخن قرار ديا گيا ہے جن کي طرف بيدار اور ہوشمند زندگي ميں انسان متوجہ ہوتا ہے- ان دعاوں ميں زيادہ تر انسان کے قلبي روابط اور معنوي ارتباطات پر تکيہ کيا گيا ہے اس ميں بے شمار مناجاتيں اور دعائيں مختلف انداز سے معنوي ارتقا کي خوہش و آرزو ہيں، امام عليہ السلام نے ان دعاوں کے ضمن ميں دعاوں کي ہي زبان سے لوگوں کے ذہنوں ميں اسلامي زندگي کا ذوق و شعور بيدار کرنے کي کوشش کي ہے-
ايک اسلامي معاشرہ وجود ميں لانے کے لئے فکري و ذہني طور پر زمين ہموار کرنا تمام چيزوں سے زيادہ لازم و ضروري ہے، يہ ذہني و فکري آمادگي، اس وقت کے ماحول اور حالات ميں ، جس سے عالم اسلام دوچار تھا ايک طويل مدت کي طالب ہے اور يہي وہ کام ہے جو امام زين العابدين عليہ السلام نے تمام تر زحمت اور مصيبت کے باوجود اپنے ذمہ ليا تھا- اس عظيم ذمہ داري کے دوش بدوش امام سجاد کي زندگي ميں ايک اور تلاش و جستجو جلوہ گر نظر آتي ہے جو دراصل پہلے سے تيار کردہ زمين کو مزيد ہموار کرنے کي طرف امام کے ايک اور اقدام کي مظہر ہے- اس طرح کي کوشش کا ايک بڑا حصہ سياسي نوعيت کا حامل ہے اور بعض اوقات بےحد سخت شکل اختيار کر ليتا ہے- اس کا ايک نمونہ امام عليہ السلام کا حکومت وقت سے وابستہ اور ان کے کارگزار محدثوں پر کڑي تنقيد ہے-
مندرجہ بالا گزاراشات سے يہ بات واضح ہے کہ آئمہ اہلبيت ع نے اپنے زمانے کے حالات کے مطابق اسلامي تعليمات کے ذريعے، ظلم و جبر اور حق پر مسلط باطل حکمرانوں کا مقابلہ کرکے انہيں شکست دي- امام علي ع کي شہادت کے بعد امام حسن ع نے صلح کے ذريعے اسلام کے لبادے ميں ظالم حکمرانوں کے نقاب کو تاقيامت آشکار کر ديا تو امام حسين ع نے شہادت کے ذريعے تاقيامت يزيد لعين کو لعنت کا حقدار ٹہرايا، اسي طرح امام علي ابن الحسين امام زين العابدين ع نے دعا و مناجات کو بطور ہتھيار استعمال کرکے نہ صرف ظالم حکمرانوں اور ان کے مقاصد کو اپني مناجات کے ذريعے اشکار کيا بلکہ تاقيامت انساني اقدار کے احيا اور حقوق اللہ کے ساتھ ساتھ حقوق العباد جسے آج کي دنيا انساني حقوق يا ہيومين رائٹس کہتي ہے امام زين العابدين ع نے حقوق انساني کي مکمل تشريح کرکے تاقيامت اسلام کو ايسے دين کے طور پر متعارف کروايا جو انسانيت کي معراج پر ہے- قرآن پاک اور قرآن ناطق "اہلبيت ع" کو مينارہ نور اور ہدايت کا مرکز بنايا-
پيشکش : شعبۂ تحرير و پيشکش تبيان