امام مہدی (عج) كے عقیدہ پر مسلمانوں كا اجماع
عقیدہ مہدویت كے مسلم الثبوت ہونے پر صدر اسلام كے مسلمانوں میں اجماع واضح اور بلا شبہ ہے
اجماع مسلمین سے مرادصرف اجماع شیعہ نہیں ہے كیونكہ یہ واضحات میں سے ہے اورسب جانتے ہیں كہ عقیدہ و جود و ظہور امام مہدی (عج) اصول و ضروریات مذہب شیعہ اثنا عشری میں سے ہے جس میں كوئی بحث كی گنجائش نہیں ۔
بلكہ اجماع مسلمین سے مراد اجماع شیعہ و اہل سنت ہے رسول اللہ كی وفات كے بعد صحابہ و تابعین كے درمیان عقیدہ مہدی (عج) مسلم تھا اورظہور حضرت امام مہدی (عج) كے بارے میں كوئی اختلاف نہیں تھا، اسی طرح قرن اول كے بعد سے لے كر چودہوں صدی ہجری تك آپ كے ظہور كے سلسلے میں بھی تمام مسلمانوں كے درمیان اتفاق تھا، اوراگر كوئی ان احایث كی صحت اوران كے رسول خدا سے صادر ہونے كے بارے میں شك یا تردد كرتے تو اس شخص كی ناواقفیت پر حمل كرتے تھے، یہی وجہ ہے آج تك تاریخ اسلام میں جھوٹے اور جعلی مہدیوں كی رد میں كسی نے یہ نہیں كہا كہ یہ عقیدہ ہی باطل ہے، بلكہ حضرت مہدی (عج) كے اوصاف اور علامتوں كے نہ ہونے كے ذریعے رد كیا ہے ۔
مثال كے طور پر ” ابو الفرج“ لكھتے ہیں: ” ابوالعباس“ نے نقل كیا ہے كہ میں نے مروان سے كہا” محمد [بن عبداللہ] “ خود كو مہدی كہتے ہیں، اس نے كہا:
نہ وہ مہدی موعود (عج) ہے نہ ان كے باپ كی نسل سے ہوگا بلكہ وہ ایك كنیز كا بیٹا ہے ۔
ابو الفرج ہی لكھتے ہیں: جعفر بن محمد [امام جعفر الصادق] علہ اسلام جب بھی محمدبن عبداللہ كو دیكھتے گریہ كرتے تھے اور فرماتے تھے ” حضرت مہدی (عج) پر میری جان فدا ہو، لوگ خیال كرتے ہیں كہ یہ شخص مہدی موعود ہے جب كہ یہ قتل كیا جائے گا اوركتاب علی علیہ السلام میں امت كے خلفاءكی لسٹ میں اس كا نام نہیں ہے ۔
مختصر یہ كہ ” عقیدہ مہدویت “ صدر اسلام سے ہی مسلمانوں كے درمیان مشہور تھا اور لوگوں میں اتنا راسخ ہوگیا تھا كہ وہ صدر اسلام ہی سے ان كے انتظار میں تھے اورہر لمحہ صحیح مصداق كی تلاش میں رہتے تھے اوركبھی غلطی سے بعض افراد كو مہدی سمجھ بیٹھتے تھے، اور جیسا كہ عرض كیا مسئلہ مہدی (عج) پر مسلمانوں كا اجما ہے ۔
چنانچہ :
” سویدی “ ” سبائك الذہب“ میں تحریر كرتے ہیں :
”الذین اتفق علیہ العلماءان المہدی ھو القائم فی آخر الوقت، انّہ یملاء الارض عدلاً والاحادیث فیہ وفی ظہورہ كثیرہ ۔“
وہ چیز جس پر علماءاسلام كا اتفاق ہے وہ یہ ہے مہدی قائم كی شخصیت جو آخری زمانے میں ظہور فرمائیں گے اور زمین كو عدل سے پر كر دیں گے۔ اورحضرت مہدی (عج) كے وجود اورظہور كے بارے میں احادیث بہت زیادہ ہیں۔
مؤلف : حیدری، محمود حسین
ماخذ : www.urdu.imammahdi-s.com
متعلقہ تحریریں:
امام زمانہ (علیہ السلام) کے انتظار کی خصوصیات
فتح كا انداز (حصّہ سوّم)
فتح كا انداز (حصّہ چهارم)
فتح كا انداز (حصّہ پنجم)
فتح كا انداز (حصّہ ششم)