جمہوریت کے آج کے دعویدار کل کے سامراجی
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر محمود احمدی نژاد نے کہا ہے کہ انسانی حقوق ، آزادی اور جمہوریت کے آج کے دعویدار وہی کل کے سامراجی اور دوسروں کو غلام بنانے والے ہیں۔
صدر ڈاکٹر احمدی نژاد نے تہران میں سوڈان کے صدر کے مشیر اعلی اور خصوصی ایلچی مصطفی اسماعیل سے ملاقات میں کہا کہ تسلط پسند نظام چاہتا ہے کہ دنیا کی اقوام ہمیشہ غریب، کمزور اور ان کے زیر تسلط رہیں اور مختلف بہانوں سے آزاد اقوام کی ترقی و اقتدار کی راہ میں مشکلات پیدا کرتا ہے۔ انہوں نے آزاد و خود مختار ممالک کے درمیان اختلاف پیدا کرنے کے لئے دشمنوں کی سازشوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ تسلط پسند فلسطین اور خود اپنے ممالک میں بھی ریفرینڈم کی اجازت نہیں دیتے لیکن سوڈان جیسے آزاد ممالک میں اس کی ترغیب دیتے ہیں بلکہ اس کے لئے منصوبہ بندی اور سازش کرتے ہیں تدبر اورپوری ہمت سے ان کا مقابلہ کرنا چاہئے۔ صدر احمدی نژاد نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ تسلط پسند نظام رو بہ زوال ہے کہا کہ آج تسلط پسند پوری دنیا بلکہ خود اپنے ممالک میں بھی متعدد مشکلات سے دوچار ہیں اور ان کو حل کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تسلط پسند نظام کسی بھی چيز کو قوموں پر مسلط نہیں کرسکتا اور اگر قومیں تسلط پسند نظام کی توسیع پسندیوں کے خلاف خود اعتمادی اور مضبوطی کے ساتھ ڈٹ جائيں تو وہ کچھ بھی نہیں کر سکیں گے۔
اردو ریڈیو تہران