• صارفین کی تعداد :
  • 973
  • 10/18/2010
  • تاريخ :

عراق کے وزیر اعظم کی رہبر انقلاب سے ملاقات

عراق کے وزیر اعظم کی رہبر انقلاب سے ملاقات
رہبر انقلاب اسلامی نے فرمایا ہے کہ عراق میں حکومت کی جلد از جلد تشکیل اور امن و امان کی مکمل بحالی عراق کی اہم ترین ضرورت ہے کیونکہ عراق میں تعمیر و ترقی نیز عراقی عوام کو ان کے شایاں شان مقام تک پہنچانے کے لئے ان دونوں امور کا عملی ہونا ضروری ہے ۔

رہبر انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ سید علی خامنہ ای نے آج عراق کے وزير اعظم نوری مالکی اور انکے ساتھ آئے ہوئے اعلی سطحی وفد سے ملاقات میں عراق کو ایران کا برادر ملک قرار دیتے ہوئے عراق میں حکومت سازي میں ہونے والی چند ماہ کی تاخیر کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا :

عراق کے تمام ذمہ دار، سیاستدان اور عراق کا درد رکھنے والے حضرات کو چاہیے کہ وہ عراق میں جلد از جلد حکومت کی تشکیل کے موضوع پر پوری توجہ دیں ۔

رہبر انقلاب اسلامی نے عراق کی موجودہ صورتحال کو پہلے سے بہتر قرار دیتے ہوئے فرمایا امن و سلامتی کی صورت حال پہلے کی نسبت بہتر ہے تا ہم اب بھی بدامنی موجود ہے اور اس بدامنی کی ایک وجہ بعض طاقتوں کا عراق پر مسلط رہنا ہے جن کے سیاسی مفادات بدامنی پیدا کرنے میں مضمر ہیں ۔

رہبر انقلاب اسلامی نے عراق کو ایک ثروت مند اور تاریخی ماضی کا حامل ملک قرار دیا اور فرمایا جس عراق کے عوام کا ماضی اتنا تاریخی اور شاندار ہے ایسے عوام کا حق یہ نہیں ہے کہ وہ موجودہ مشکلات کا شکار بنیں ۔

رہبر انقلاب اسلامی نے اس بات پر تاکید کرتے ہوئے کہ عراقی عوام کے رنج و الم اسلامی جمہوریۂ ایران کے لئے باعث پریشانی اور عراقی عوام کی کامیابی و کامرانی ایران کی خوشی و مسرت کا سبب ہے فرمایا ملت عراق ایک بیدار قوم ہے اور اب اس ملک پر جارحین کے دوبارہ مسلط ہونے کا کوئي امکان نہیں ہے ۔

اردو ریڈیو تہران