تہران میڈیکل یونیورسٹی
تہران میڈیکل یونیورسٹی ایران کی سب سے پرانی ، بڑی ، مشہور اور ممتاز میڈیکل یونیورسٹی ہے ۔ یہ یونیورسٹی ایران کے دارلحکومت تہران کے وسط میں انقلاب اسکوائر کے ساتھ واقع ہے ۔ پچھلے کئی سالوں سے اس یونیورسٹی کو ایران کی بہترین میڈیکل یونیورسٹی ہونے کا اعزاز بھی حاصل ہے ۔ خاص طور پر ریسرچ کے شعبے میں حال ہی میں متعدد کامیابیاں اس یونیورسٹی کے نصیب میں آئی ہیں ۔ اس یونیورسٹی کے معیار کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران میں انٹر کے بعد یونیورسٹیوں میں داخلے کے لیۓ ہونے انٹری ٹیسٹ میں جو طالب علم بہترین نمبر حاصل کرتے ہیں صرف ان کو حق ہوتا ہے کہ وہ اس یونیورسٹی کے طالب علم بنیں ۔ یعنی ملک میں اس یونیورسٹی کا میرٹ دوسری تمام یونیورسٹوں سے زیادہ ہوتا ہے ۔ یہی ایک وجہ ہے کہ اس یونیورسٹی سے تعلیم حاصل کرنا نہایت فخر کی بات سمجھا جاتا ہے ۔
اس وقت یونیورسٹی 80 سے زیادہ شعبوں میں اعلی تعلیم دینے کے فرائض انجام دے رہی ہے جن میں میڈیسن ، فارمیسی، پیرا میڈیکل، صحت عامہ، نرسنگ، فیزیوتراپی، مڈوائف اور میڈیکل کے اور بہت سے شعبے شامل ہیں ۔ یونیورسٹی میں مقامی طالب علموں کے علاوہ بیرونی ممالک سے آۓ ہوۓ طلباء بھی زیر تعلیم ہیں جو اس یونیورسٹی کی بیرونی ممالک میں مقبولیت کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔ یونیورسٹی سے منسلک پروفیسرز کی تعداد 1300 کے لگ بھگ ہے طلباء کو مختلف شعبوں میں جدید تعلیم کے زیور سے آراستہ کر رہے ہیں ، اس کے علاوہ 16 ہسپتال، 36 تحقیقاتی مراکز اور 40 سے زائد لائبریریاں بھی یونیورسٹی کا حصّہ ہیں ۔ تحقیق کے شعبہ میں دنیا کی مختلف یونیورسٹیاں اور تحقیقاتی ادارے تعلیم اور سائنس کے فروغ کے لیۓ اس یونیورسٹی کے ساتھ منسلک ہیں، بین الاقوامی سطح کے سیمینار ہر سال بڑی تعداد میں منعقد ہوتے ہیں جن میں ماہرین بڑی تعداد میں شرکت کرتے ہیں ۔
تحریر : ڈاکٹر ظہیر عباس ( تہران میڈیکل یونیورسٹی )
پیشکش : سیِد اسدالله ارسلان
متعلقہ تحریریں:
شیراز یونیورسٹی
بو علی سینا یونیورسٹی