مناسب وقت پر مذاکرات
اسلامی جمہوریہ ایران کی اعلی قومی سلامتی کونسل کے سیکریٹری سعید جلیلی نے کہا ہے کہ جب بھی وقت گفتگو کے لئے مناسب ہوگا اسلامی جمہوریہ ایران گفتگو کرے گا۔ سعید جلیلی نے آج یورپی یونین میں خارجہ پالیسی شعبے کی سربراہ کیتھرین ایشٹن کے خط کے جواب میں لکھا ہےکہ جب بھی گفتگو کا مناسب وقت ہوگا اسلامی جمہوریہ ایران اپنی سیاسی، اقتصادی، علاقائي اور بین الاقوامی توانائیوں کو دیکھتے ہوئے مشترکہ تشویشوں کا ازالہ کرنے کے لئے تعمیری تعاون کرنے اور مذاکرات کرنے کے لئے تیار ہے۔ سعید جلیلی نے اپنے خط میں دباو اور گفتگو کی پالیسی کو ناقابل قبول قرا دیتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی برادری دباو کے تحت گفتگو کو آمریت جانتی ہے اور تمدن سے دور سمجھتی ہے۔ اسلامی جمہوریہ ایران کی اعلی قومی سلامتی کونسل کے سیکریٹری نے اپنے خط میں لکھا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران مئي دوہزار آٹھ کے اپنے پیکیج کے بارے میں مذاکرات کرنے کو تیار ہے اور کسی بھی طرح کی حقیر اور غیر تعمیری حرکت ملت ایران کے لئے ناقابل قبول ہوگي۔ سعید جلیلی نے ایٹمی معاملے پر مذاکرات کرنے کے کیتھرین ایشٹن کے مطالبے کے جواب میں لکھا ہے کہ ان مذاکرات کے لئےلازم ہے کہ تمام فریق این پی ٹی معاھدہ پر عمل کرتے ہوں اور این پی ٹی پر عمل نہ کرنے والوں خاص طور سے صیہونی حکومت کے ہتھیاروں کے بارے میں اپنا شفاف موقف ظاہر کریں۔
اردو ریڈیو تہران