تہران میں ایٹمی پھیلاؤ پر بین الاقوامی کانفرنس کا باضابطہ افتتاح
اردو ریڈیو تہران کی ویب سائٹ پر شائع ہونے والی خبر کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے دارالحکومت تہران میں دنیا کو ایٹمی ہتیاروں سے پاک کرنے کے موضوع پر بین الاقومی کانفرنس رہبر انقلاب اسلامی کے پیغام سے شروع ہوگئ ۔
رہبرانقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے پہلی بین الاقوامی ترک اسلحہ و عدم پھیلاؤ کانفرنس کے نام اپنے پیغام میں فرمایا ہم عام تباہی پھیلانے والے ہتھیاروں کے استعمال کو حرام اور بنی نوع انسان کواس بڑی مصیبت سے نجات دلانے کے لئے کوششوں کوسب کا فریضہ سمجھتے ہيں ۔ حضرت آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے اپنے پیغام میں فرمایا کہ بہترہوگا کہ ترک اسلحہ بین الاقوامی کانفرنس، دنیا میں ایٹمی ہتھیاروں کی پیداوار اوران کا انبار لگائے جانے کے خطرات کا جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ حقیقت پسندانہ طریقے سے انسانیت کے خلاف ان خطرات کا مقابلہ کرنے کی غرض سے راہ حل پیش کرے تاکہ عالمی امن واستحکام کے تحفظ کی راہ میں ٹھوس قدم اٹھایا جا سکے ۔رہبرانقلاب اسلامی نے دوسروں کو ڈرانے دھمکانے پر مبنی بعض حکومتوں کی ایٹمی اسٹریٹجی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے فرمایا عدم پھیلاؤ معاہدے کی سب سے زیادہ خلاف ورزی وہ طاقتیں کرتی ہيں جنھوں نے این پی ٹی کی شق نمبرچھ کے مطابق اپنے وعدوں کی خلاف کرنے کے علاوہ ان ہتھیاروں کے پھیلاؤ میں براہ راست کردار ادا کیا ہے ۔ رہبرانقلاب اسلامی نے امریکی حکومت کی طرف سے صہیونی حکومت کوایٹمی ہھتیاروں کی پیداوارمیں مدد دینے کے اقدامات کواین پی ٹی معاہدے کی خلاف ورزی کا واضح ثبوت قراردیا رہبرانقلاب اسلامی نے زوردے کرفرمایا اس صورت حال نے مشرق وسطی اوردنیا کوسنگین خطرات سے دو چار کر رکھا ہے رہبر انقلاب اسلامی حضرت آيت اللہ العظمی خامنہ ای نے اپنے پیغام کے ایک حصے میں ایٹمی سائنس اورجوہری علوم کوانسانی کاوشوں کا ایک گرانقدرسرمایہ بتایا اور فرمایا مشرق وسطی کی اقوام جو دنیا کی ديگر اقوام کی مانند امن و سلامتی اور ترقی کی تشنہ ہيں اس بات کا حق رکھتی ہيں کہ اس ٹیکنالوجی سے استفادہ کرتے ہوئے اپنی معیشت کو آگے بڑھائیں اورآئندہ نسلوں کی ترقی کی ضمانت بھی فراہم کریں .
اردو ریڈیو تہران