• صارفین کی تعداد :
  • 4873
  • 8/9/2009
  • تاريخ :

جانداروں کی ’پوری نسل‘ کا خاتمہ

ڈائناسور

سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ موسمیاتی تغیر و تبدل چند جانداروں کی ’پوری نسل‘ کے خاتمے کا باعث بنتے رہے ہیں اور اب بھی ہیں۔

یہ تحقیقات ماضی میں جانداروں کے خاتمے کے مشاہدات پر مبنی ہیں تاہم خیال ہے کہ اس سے حیات کے بچاؤ کے لیے کی جانے والی موجودہ کوششوں میں مدد ملے گی۔

  جانداروں کی حیات کے بچاؤ کے لیے کام کرنے والے ماہرین کے لیے پیغام یہ ہے کہ جانداروں کی کچھ نسلیں کمزور ہوتی ہیں جن کا خاتمہ دیگر نسلوں کی بہ نسبت آسان ہوتا ہے۔

   یونیورسٹی آف کیلیفورنیا کے تحقیقات کار اور ماہر حیاتیات کستوو رائے نے اپنی تحقیقات کا مرکز سمندری حیات کو رکھا ہے۔ ان جانداروں میں سے چند اقسام مثلاً جھینگے وغیرہ کے محفوظ کیے ہوئے ڈھانچے 20 کروڑ سال پرانے ہیں۔

تحقیقات کاروں نے جانداروں کے بڑی تعداد میں خاتمے اور تمام نسل کے خاتمے، مثلا’ً ڈائناسور پر تحقیقات کی ہیں۔

امپیریئل کالج لندن کے ماہر حیاتیات رچرڈ گرینر نے بی بی سی کو بتایا ہے کہ ماضی کی نسلوں پر کی گئی تحقیقات نسلوں کے ’خاتمے‘ کے طرز کے بارے میں اہم معلومات فراہم کرتی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ جانداروں کی کئی اقسام ’مشابہ‘ ہوتی ہیں مثلاً بلیاں اور چیتے۔ ان کا کہنا تھا کہ مشابہت کا یہ بھی مطلب ہے کہ وہ جینیاتی طور پر بھی آپس میں ملتی ہیں یعنی کسی واقع یا تبدیلی کا منفی اثر ایک نسل پر پڑتا ہے تو اسی واقعے سے ان سے مشابہ دیگر نسلیں بھی متاثر ہوں گی۔

   سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ جدید زمانے میں بھی جانداروں کی پوری کی پوری نسلوں کے خاتمے کی مثالیں موجود ہیں۔ کئی آبی پرندوں کی پوری نسل موسمیاتی تعیر و تبدل کے باعث خاتمے کے نزدیک ہے۔ رچرڈ گرینر نے نسلوں کے خاتمے کا موازنہ کسی لائبریری میں لگنے والی آگ سے کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر لائبریری میں آگ لگ جائے تو ایک ساتھ ایک پورے سیکشن کی کتابیں جل جاتی ہیں بالکل اسی طرح موسمیاتی تغیر و تبدل جانداروں کی پوری نسل کی تباہی کا باعث بن رہے ہیں۔

www.bbc.co.uk


متعلقہ تحریریں:

مسلمان اور سائنس

حساب،الجبرا،جیومیٹری