ایشیا کپ میں پاکستان کی شکست
بی بی سی کی ایک رپورٹ کے مطابق ملایشیا کے شہر کونتن میں ہونے والے آٹھویں ایشیاء کپ ہاکی ٹورنامنٹ کے فائنل میں پاکستان کو جنوبی کوریا نے صفر کے مقابلے میں ایک گول سے شکست دے دی ہے۔ جنوبی کوریا کی طرف سے کم نے کھیل کے چھیاسٹھویں منٹ میں پلنٹی کارنر پرگول کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلادی جو فیصلہ کن ثابت ہوئی۔
جنوبی کوریا اس سے پہلے دو مرتبہ ایشیاء کپ جیت چکا ہے اور ایشین گیمز میں ہاکی کا گولڈ میڈل بھی اسی نے جیتا تھا۔ کوریا کی ٹیم انیس سو ترانے میں ہیروشیما میں اور انیس سو ننانوے میں کولالمپور میں ایشیاء کپ کے فاتح کا اعزاز حاصل کر چکی ہے۔
جنوبی کوریا کے کوچ چاؤ منگ نے اپنے چار تجربہ کھلاڑیوں کو اس ٹورنامنٹ میں شامل نہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا جو بہت سود مند ثابت ہوا۔
پاکستان کی ٹیم نے کھیل بڑے جارحانہ انداز میں شروع کیا اور پہلے پانچ منٹ میں دو پیلنٹی کارنر حاصل کیئے لیکن سہیل عباس ان سے فائدہ نہیں اٹھا سکے۔
کھیل کے تیئسویں منٹ میں بھی پاکستان کے کھلاڑی محمد طارق نےگول کرنے کا ایک موقع ضائع کر دیا۔ ان کے سامنے صرف گول کیپر رہ گئے تھے لیکن وہ گول نہ کر سکے۔
ریحان بٹ کی ایک زور دارشاٹ کوگول کیپر نے روک لیا اس وقت کھیل شروع ہوئے پینتیس منٹ ہوئے تھے۔
جنوبی کوریا کی ٹیم پہلے نصف میں متاثر کن کھیل پیش نہیں کر سکی۔ لیکن دوسرے نصف میں جنوبی کوریا ٹیم مختلف نظر آئی اور اس نے کھیل کے ترتالیسویں اور سینتالیسویں منٹ میں پلنٹی کارنر حاصل کیئے۔
دریں اثناء چین نے پینلٹی سٹروکس پر ملایشیاء کو چھ کے مقابلے میں سات گول سے شکست دے کر تیسری پوزیشن حاصل کر لی ہے۔