• صارفین کی تعداد :
  • 1582
  • 1/19/2009
  • تاريخ :

پاکستان میں غزہ پر اسرائیلی جارحیت کے خلاف مظاہرے 

پاکستان میں غزہ پر اسرائیلی جارحیت کے خلاف مظاہرے

پاکستان پر حملہ کیا تو بھارت کو جہنم بنا دینگے، حکومت فوج اور اسلحہ فلسطین بھیجے، حماس نے صیہونیت کا غرور خاک میں ملادیا، قاضی حسین 

 جماعت اسلامی پاکستان کے امیر قاضی حسین احمد نے کہا ہے کہ بھارت نے اگر پاکستان پر حملہ کرنے کی کوشش کی تو پورے بھارت کو جہنم بنا دیں گے، پاکستان مجاہدوں اور غازیوں کا ملک ہے، انہوں نے کہا کہ حکومت فوج اور اسلحہ فلسطین بھیجے، حماس کے مجاہدوں نے اسرائیل کی جارحیت کا ڈٹ کر مقابلہ کرکے اسرائیل کا غرور خاک میں ملا دیا ہے، انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت فی الفور امریکہ اور برطانیہ سے اتحاد کو ختم کرے اور قومی یکجہتی کی فضا قائم کرے اسی صورت میں ہم ہر طاقت کا مقابلہ کر سکیں گے،قاضی حسین نے کہا کہ پاکستانی حکومت اور فوج بھی عوامی جذبات کی بجائے بھارت کی دھمکی میں آ گئے، بھارت کا جواب دینے کی بجائے باجوڑ‘ مہمند ایجنسی اور وزیرستان میں آپریشن اور قبائلی عوام کا خون امریکا کی ایما پر بہا رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ اسرائیل نے جنگ بندی کر کے اپنی شکست تسلیم کرلی ہے، اسرائیلی دہشت گردی پر امریکہ، برطانیہ، عالمی برادری اور اقوام متحدہ نے دوہرے معیار کا ثبوت دیا ، مسلم حکمرانوں کے چہروں سے بھی نقاب اتر چکا ہے، امت مسلمہ کے مسائل کی اصل جڑ مسلم حکمران اور انگریزوں کی تربیت یافتہ فوج ہے جو عوام کی جنگ لڑنے کی بجائے امریکہ کی جنگ لڑ رہی ہے، جماعت اسلامی جلد ہی ڈاکٹروں کی ٹیم غزہ روانہ کرے گی، ان خیالات کا اظہار انہوں نے فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی اور اسرائیلی درندگی کی مذمت کیلئے مزار قائد سے تبت سینٹر تک ہونیوالے عظیم الشان فلسطین مارچ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

 

 مارچ میں بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی، تاحد نگاہ لوگوں کے سر ہی سر نظر آ رہے تھے، اسرائیل مردہ باد‘ مردہ باد مردہ باد امریکہ مردہ باد، امریکہ کے ایوانوں میں آگ لگا دو آگ لگا دو۔ اسرائیل کے ایوانوں میں آگ لگا دو آگ لگا دو اور دیگر فلک شگاف نعرے ، فلسطین مارچ میں امریکہ اسرائیل کے پرچم نذر آتش کئے گئے، فلسطین مارچ سے جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی جنرل سیکریٹری سید منور حسن‘ جماعت اسلامی کراچی کے امیر محمد حسین محنتی‘ اسلامی تحریک کے علامہ ناظر عباس تقوی‘ جماعت اسلامی کراچی کے سیکریٹری حافظ نعیم الرحمن‘ جئے سندھ کے قمر بھٹی‘ مرکزی جمعیت اہلحدیث کے افضل سردار‘ جمعیت علمائے پاکستان کے صدیق راٹھور‘جمعیت علمائے اسلام کے اسلم غوری‘ تنظیم اسلامی کے شجاع الدین‘ سابق رکن قومی اسمبلی لئیق خان‘ سابق رکن صوبائی اسمبلی نصر اللہ خان شجیع‘ محمود حامد اور دیگر رہنماؤں نے خطاب کیا، اس موقع پر مسلم لیگ (ن) کے رہنما سلیم ضیاء‘ جمعیت علمائے اسلام (س) کے مفتی عثمان یار خان‘ شباب ملی کراچی کے صدر یوسف منیر اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔

 

قاضی حسین احمد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کے لوگ مبارکباد کے مستحق ہیں میں انہیں خراج تحسین پیش کرتا ہوں جب بھی امت مسلمہ پر کوئی کڑا وقت پڑتا ہے تو کراچی کے لوگ امت کے حق میں نکلتے ہیں، مارچ سے خطاب کرتے ہوئے سید منور حسن نے کہا کہ آج پوری دنیا اور امت مسلمہ اسرائیل کی دہشتگردی پر مغموم ہے، عوام نے مسلم حکمرانوں کا چہرہ بھی دیکھ لیا ہے، انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری بار بارنان اسٹیٹ ایکٹر کی بات کر رہے ہیں جب اسٹیٹ ایکٹر اپنا کام چھوڑ دے تو نان اسٹیٹ ایکٹر ہی اپنا کام شروع کرتے ہیں، انہوں نے کہا کہ محمود علی درانی اسٹیٹ ایکٹر ہی تھے جنہوں نے اجمل قصاب کو پاکستانی شہری باور کرایا۔ محمد حسین محنتی نے کہا کہ کراچی کے عوام نے ثابت کر دیا ہے کہ وہ بیدار ہیں اور فلسطینی عوام کے ساتھ ہیں اگر ضرورت پڑی تو کراچی کے عوام فلسطین جا کر جہاد میں شریک ہوں گے، علامہ ناظر عباس تقوی نے کہا کہ آج کے مارچ نے ثابت کر دیا ہے کہ عوام اسرائیلی مظالم کا بدلہ لینے کیلئے تیار ہے۔ قمر بھٹی نے کہا کہ کراچی کے شہریوں نے ثابت کر دیا کہ یہ دہشتگردوں کا نہیں اسلام سے محبت رکھنے والوں کا شہر ہے، افضل سردار نے کہا کہ اسرائیل مسلمانوں کا قتل عام امریکہ اور برطانیہ کے اشارے پر کر رہا ہے، صدیق راٹھور نے کہا کہ آج ہماری حمیت اور غیرت کو للکارا جا رہا ہے، اسلم غوری نے کہا کہ ہم یہودیوں کو بتا دینا چاہتے ہیں کہ مسلمان ان کی دہشت گردی کے خلاف متحد اور یکجان ہیں۔ طاقت کے بل بوتے پر اسرائیل فلسطینیوں کو زیر نہیں کر سکتا۔ شجاع الدین نے کہا کہ فتح حق کی ہو گی اور اسرائیل کو ناکامی کا منہ دیکھنا پڑے گا۔ لئیق خان نے کہا کہ فلسطینی عوام نے جذبہ جہاد اور شوق شہادت سے اسرائیل کو شکست سے دوچار کر دیا ہے۔ 

                                       روزنامہ جنگ