61 سال بعد کنٹرول لائن کے دونوں طرف تجارت کا آغاز
مظفر آباد/سرینگر ۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان کنٹرول لائن کے آر پار 61سال بعد تجارت آج سے شروع ہو رہی ہے۔ وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عتیق نے تجارت کے آغاز کو تاریخی اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے مستقبل میں جنوبی ایشیاء کیلئے ٹریڈ روٹس بنیں گے ۔
حکومت آزاد کشمیر نے پاکستان اور بھارت کے درمیان کشمیر کے دونوں اطراف سے آج21 اکتوبر کو باہمی تجارت کے آغاز پر اس دن کو یوم کاروان تجارت قرار دینے کا اعلان کیا ہے۔ یہ تجارت بھارت اور پاکستان کے درمیان نہیں بلکہ ریاست کے دونوں حصوں کے درمیان شروع ہو رہی ہے۔ آزاد کشمیر کابینہ نے پاکستان اور بھارت کے درمیان تجارت بحال کرنے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ تجارت کے بحال ہونے سے مسئلہ کشمیر کے منصفانہ اور پائیدار حل کیلئے راہ ہموار ہو گی۔