• صارفین کی تعداد :
  • 1650
  • 7/22/2008
  • تاريخ :

پاکستان کی ہاکی ٹیم کا اعلان

سولہ کی ٹیم کے علاوہ دو اضافی کھلاڑیوں کو بھی بھیجا جا رہا ہے۔

سولہ کی ٹیم کے علاوہ دو اضافی کھلاڑیوں کو بھی بھیجا جا رہا ہے۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کی سلیکشن کمیٹی نے بیجنگ اولمپکس کے لیے سولہ رکنی ٹیم کا اعلان کر دیا ہے۔

فیڈریشن کے صدر میر ظفراللہ جمالی نے سولہ کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ انہیں امید ہے کہ یہ ٹیم وکٹری سٹینڈ تک پہنچے گی۔

اولمپکس کے لیے ٹیم میں ازلان شاہ ٹورنامنٹ اور یورپ کے دورے پر کھیلنے والی ٹیم سے دو تبدیلیاں کی گئی ہیں۔

فل بیک محمد عتیق کی جگہ عمران وارثی اور ہاف بیک کامران احمد کی جگہ عدنان مقصود کو رکھا گیا ہے۔

پاکستان کی ٹیم کے کپتان بدستور ذیشان اشرف اور نائب کپتان محمد عمران ہیں۔

میر ظفر اللہ جمالی کا کہنا تھا کہ اولمپکس انتظامیہ کی خصوصی اجازت سے ان سولہ کے علاوہ دو اضافی کھلاڑیوں محمد عتیق اور شبیر احمد کو بھی بھیجا جا رہا ہے۔

یہ دونوں کھلاڑی اولمپکس ولیج میں نہیں ٹھہر سکیں گے بلکہ ہوٹل میں قیام کریں گے اور کسی کھلاڑی کے زخمی ہو جانے کی صورت میں اس کی جگہ ٹیم کا حصہ بن سکیں گے۔

پاکستان کی اس ٹیم میں پانچ کھلاڑی ایسے ہیں جو 2004 کے ایتھنز اولمپکس میں پانچویں نمبر پر آنے والی پاکستانی ٹیم میں شامل تھے جبکہ گیارہ کھلاڑی ایسے ہیں جو پہلی بار اولمپکس میں پاکستان کی نمائندگی کر رہے ہیں۔

پاکستان کی ٹیم کے چیف کوچ اور مینجر ذکا الدین کا کہنا ہے کہ نوجوان اور تجربہ کار کھلاڑیوں کے امتزاج سے ٹیم کا فائدہ ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ہاکی ٹیم جب بھی وکٹری سٹینڈ پر پہنچی اس میں ہمیشہ نوجوان اور تجربہ کار کھلاڑی دونوں ہی ہوتے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ نوجوان کھلاڑیوں کا جوش اور بھاگ دوڑ اور سینئیر کھلاڑیوں کی کھیل میں مہارت جب ملتی ہے تو اچھے نتائج حاصل ہوتے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ اسی اصول کے تحت انہوں نے ٹیم کی تربیت کی ہے اور سلیکشن کمیٹی نے ٹیم چنی ہے۔

پاکستان کی ٹیم نے 1992 کے بارسلونا اولمپکس میں کانسے کا تمغہ حاصل کیا تھا۔ اس کے بعد پاکستان کی ہاکی ٹیم کسی اولمپک گیمزمیں وکٹری سٹینڈ پر نہیں پہنچ سکی۔

ٹیم:

گول کیپرز: سلمان اکبر، ناصر احمد۔

فل بیکس: ذیشان اشرف، محمد عمران، عمران وارثی۔

ہاف بیکس:محمد جاوید،محمد ثقلین،عدنان مقصود،راناآصف۔

فاورڈز:وقاص شریف،وقاص اکبر،ریحان بٹ،شکیل عباسی،عباس حیدر،محمد زبیر،شفقت رسول۔