• صارفین کی تعداد :
  • 1646
  • 6/25/2008
  • تاريخ :

کرم ایجنسی، سربریدہ جنازے سپردخاک ، دہشت گردوں  کی سیاہ کاریاں   

  

پاکستان

کرم ایجنسی کے علاقے صدہ میں دہشت گردوں کے ہاتھوں انتہائی بے دردی کے ساتھ قتل کئے جانے والے بارہ بے گناہ افراد کے جنازے آج سپرد خاک کردئے گئے ۔ کرم ایجنسی کے صدرمقام پارہ چنارکے مذہبی رہنما علامہ شیخ محمد نوازنے ریڈیوتہران سے آج علاقے کی صورت حال کے بارے میں  تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ آج سوگ میں پوراپارہ چنار بند ہے اورہرطرف سوگ کا ماحول ہے ۔علامہ شیخ نوازنے طالبان کے حمایت یافتہ مسلح دہشت گردوں کے اس طرح  کے بہیمانہ ظلم وبربریت کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ان دہشت گردوں نے ان بارہ بے گناہوں کے سرقلم کرنے کے بعد ان کے ہاتھ پیروں کواس طرح سے کاٹ دیاتھا کہ ان کی شناخت نہيں ہوپارہی تھی کہ کون سے اعضاء کس جنازے کے ہيں ۔

انھوں نے کہا کہ گذشتہ چودہ مہینوں سے اس علاقے کا شرپسندوں نے محاصرہ کررکھا ہے مگرحکومت نے اب تک اس سلسلے میں کوئی بھی ٹھوس اقدام نہيں کیا ۔ انھوں نے حکومت پر الزام لگایا کہ حکومت جان بوجھ کردہشت گردوں کوچھوٹ دے رہی ہے ورنہ حکومت چند گھنٹوں میں پیشاورسے اغواکئے گئے عیسائیوں کورہا کراسکتی ہے توپھر ہمیں ان کے محاصرے سے کیوں نجات نہيں دلاسکتی ۔علامہ شیخ محمد نوازنے کہا کہ اس طرح کی کاروائی کرنے والے طالبان دہشت گرد امریکہ کی ایماء پریہ کاروائی کررہے ہيں اوران کو امریکہ کی پوری حمایت حاصل ہے انھوں نے کہا کہ یہ لوگ کلمہ گومسلمانوں کا خون بہارہے ہيں ۔علامہ شيخ محمد نوازنے واضح کرتے ہوئے کہا  کہ اس علاقے میں شیعہ وسنی کا کوئی مسئلہ نہيں ہے اورجولوگ اس طرح کی کاروائیاں انجام دے رہے ہیں وہ اسلام کے کسی بھی فرقہ سے تعلق نہیں رکھتے اورنہ ہی وہ مسلمان ہيں

انھوں نے حکومت پر الزام لگایا کہ وہ مکمل طورپر امریکہ کے دباؤ میں ہے ورنہ ڈماڈولا باجوڑاورديگرقبائلی علاقوں میں امریکہ اپنی من مانی جارحیت کا ارتکاب نہيں کرسکتا تھا ۔

انھوں نے حکومت کوخبردارکرتے ہوئے کہا کہ اگرحکومت نے فوری طورپران دہشت گردوں کی کاروائیوں پرروک نہ لگائی توصورت حال کی ذمہ دارخود حکومت ہوگی