اسلامی انقلاب نے دنیا کو یکجہتی اور قربانی کا سبق سکھایا: پاکستانی رہنما
پاکستانی سیاستدان اور سنیئر مذہبی رہنما نے کہا ہے کہ ایران کا اسلامی انقلاب دنیا کے دوسرے انقلابوں سے اس لئے منفرد تھا کہ اس سے دنیا کو یکجہتی اور قربانی کا سبق ملا.
پاکستانی سیاستدان اور سنیئر مذہبی رہنما نے کہا ہے کہ ایران کا اسلامی انقلاب دنیا کے دوسرے انقلابوں سے اس لئے منفرد تھا کہ اس سے دنیا کو یکجہتی اور قربانی کا سبق ملا.
ان خیالات کا اظہار اسلامی تحریک پاکستان اور شیعہ علما کونسل کے سربراہ علامہ 'سید ساجد علی نقوی' نے ارنا کے نمائندے کے ساتھ خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا.
اس موقع پر انہوں نے انقلاب کی 39ویں سالگرہ اور یوم آزادی ایران کی مناسبت سے ایرانی قوم اور حکومت کو مبارکباد پیش کی.
انہوں نے مزید کہا کہ اسلامی انقلاب مسلح جد و جہد سے نہیں آیا بلکہ یہ ایک عوامی انقلاب تھا جسے عظیم ایرانی رہنما حضرت امام خمینی (رح) کی قیادت میں عوام نے کامیاب بنایا.
پاکستانی مذہبی رہنما کا کہنا تھا کہ ایران میں اسلامی انقلاب معین اہداف کی سمت گامزن رہا اور اب بھی یہ اہداف حاصل ہورہے ہیں. ایرانیوں نے اپنے سیاسی اور سماجی مقاصد کو اسی انقلاب کے ذریعے حاصل کیا ہے.
انہوں نے کہا کہ 1979 میں آنے والے اسلامی انقلاب دنیا میں غیرمعمولی انقلاب تھا جسے عالمی برادری نے اپنی تاریخ میں پہلے نہیں دیکھا تھا.
علامہ ساجد نقوی نے کہا کہ انقلاب کے حوالے سے امام خمینی (رح) کے افکار اور مقاصد بہت قیمتی اور غیرمعمولی تھے. آپ نے اس انقلاب کی فتح کے لئے بے پناہ خدمات سرانجام دیں.
انہوں نے مزید کہا کہ اسلامی انقلاب کا ایک اور مقصد مسلمانوں کے درمیان اتحاد اور یکجہتی کو مضبوط کرنا تھا. امام خمینی (رح) نے بجا فرمایا تھا کہ دشمن اسلامی انقلاب کو نقصان پہنچا کر مسلمانوں میں خلفشار پیدا کرنا چاہتا ہے.
شیعہ علما کونسل کے سربراہ نے کہا کہ پاکستان میں بھی اسلامی انقلاب کے خوف سے مسلمانوں کے درمیان اختلافات پیدا کئے گئے، مگر ہم نے امام خمینی (رح) کے مشن پر چلتے ہوئے مسلمانوں کے درمیان اتحاد اور یکجہتی کو مضبوط کیا.
منبع: ارنا نیوز