• صارفین کی تعداد :
  • 1199
  • 3/30/2016
  • تاريخ :

مصر کے مسافر طیارے کا ڈرامہ ختم، ہائی جیکر نے خود کو حکام کے حوالے کر دیا

مصر کے مسافر طیارے کا ڈرامہ ختم، ہائی جیکر نے خود کو حکام کے حوالے کر دیا

مصر کا مسافر طیارہ اغواکرنے والے شخص نے بالآخرخود کو قبرص کے سیکورٹی حکام کے حوالے کردیا ہے

مصر کا مسافر طیارہ اغوا کرنے والے شخص نے بالآخر خود کو قبرص کے سیکورٹی حکام کے حوالے کر دیا ہے۔

قبرص کے سیکورٹی حکام نے اس خبر کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ مصری طیارے کے ہائی جیکر کو گرفتار کر لیا گیا ہے- قبرص کے ذرائع ابلاغ نے خبر دی ہے کہ ہائی جیکر اپنے ہاتھوں کو اوپر اٹھا کر طیارے سے باہر نکلا اورسیکورٹی فورس کے سامنے اس نے خود سپردگی کر دی۔ خبروں میں بتایا گیا ہے کہ ہائی جیکر کے پیچھے پیچھے وہ چار مسافر بھی طیارے سے باہر نکلے جنھیں ہائی جیکر نے آخری وقت تک یرغمال بنا رکھا تھا-

دوسری جانب مصر کے وزیراعظم شریف اسما عیل نے کہا ہے کہ مصری طیارے کے اغوا کا پورا ماجرا اب ختم ہو گیا ہے- انہوں نے کہا کہ ہمیں اس بات پر بیحد خوشی ہے کہ اس پورے واقعے میں کسی کو کوئی نقصان نہیں پہنچا ہے-

واضح رہے کہ سیف الدین مصطفی نامی ایک مصری شہر ی نے مصر کا ایک مسافر طیارہ منگل کو اس وقت اغوا کر لیا تھا جب وہ اسکندریہ سے قاہرہ جا رہا تھا- طیارے میں عملے کے افراد سمیت ساٹھ افراد سوار تھے- ہائی جیکر نے جو خودکش جیکٹ پہنے ہوئے تھا، طیارے کو قبرص کے شہر لارناکا میں اترنے کو کہا تھا جس کے نتیجے میں پائلٹ نے طیارہ لارناکا ہوائی اڈے پر اتار دیا۔

لاراناکا پہنچنے کے بعد ہائی جیکر نے بیشتر مسافروں کو جن میں زیادہ تعداد خواتین اور بچوں کی تھی رہا کر دیا تھا لیکن کچھ مسافروں کو بدستور یرغمال بنا رکھا تھا- ہائی جیکر کی طرف سے مختلف قسم کے مطالبات سامنے آرہے تھے کبھی وہ قبرص میں سیاسی پناہ لینے کی بات کرتا کبھی وہ یورپی یونین کے کسی عہدیدار سے ملنے کی خواہش ظاہر کرتا اور کبھی مصر میں سیاسی قیدیوں کی رہائی کا مطالبہ کر رہا تھا۔