شام: تاریخی شہر پالمیرا کو مکمل آزاد کرا لیا گیا
شامی فوج نے تاریخی شہر پالمیرا کو دہشت گردوں کے قبضے سے مکمل آزاد کرا لیا۔
شامی ذرائع نے اتوار کے روز اعلان کیا ہے کہ دہشت گردوں کے ساتھ گھمسان کی جنگ کے بعد شامی فوج نے تاریخی شہر پالمیرا کو دہشت گردوں کے قبضے سے مکمل آزاد کرا لیا اور اس شہر کے تمام علاقوں پر اس وقت شامی فوج کا کنٹرول ہے۔ شام کی سرکاری خبر رساں ایجنسی سانا نے رپورٹ دی ہے کہ شہر پالمیرا سے دہشت گردوں کا صفایا کئے جانے کی کارروائی شروع کردی گئی ہے۔ اس سے قبل ایک رپورٹ میں بتا گیا تھا کہ شامی فوج نے حالیہ دنوں کے دوران پالمیرا کے مختلف علاقوں میں پیشقدمی کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے دہشت گردوں کو پیچھے ہٹنے پر مجبور کر دیا۔
پالمیرا کے مضافاتی علاقوں میں بھی شامی فوج اور داعش دہشت گردوں کے درمیان ہونے والی حالیہ جھڑپوں میں درجنوں دہشت گرد ہلاک ہوئے ہیں۔
واضح رہے کہ داعشی دہشت گردوں نے گذشتہ سال مئی کے مہینے میں شام کے تاریخی شہر پالمیرا پر قبضہ کر لیا تھا۔ شام کا یہ شہر یونسکو کی عالمی آثار قدیمہ کی فہرست میں شامل ہے۔ داعشی دہشت گردوں نے اس شہر پر قبضہ کرنے کے بعد وہاں کے بہت سے تاریخی آثار کو تباہ کر دیا تھا۔