• صارفین کی تعداد :
  • 14975
  • 3/28/2016
  • تاريخ :

بلڈ پریشر کا سبب اور بچاﺅ میں مدد دینے والے غیر روایتی اسباب پہلا حصه

بلڈ پریشر کا سبب اور بچاﺅ میں مدد دینے والے غیر روایتی اسباب پہلا حصه


بلڈ پریشر کو خاموش قاتل بھی کہا جاتا ہے جو امراض قلب یا فالج وغیرہ کا خطرہ سنگین حد تک بڑھا دیتا ہے، مگر بات صرف اتنی ہی نہیں یہ جسم کو بتدریج مختلف امراض کا شکار کرکے بھی موت کی جانب لے جاتا ہے جبکہ دماغی شریان پھٹنے کا خطرہ تو ہوتا ہی ہے۔
اس مرض میں صرف بلند فشار خون (ہائی بلڈ پریشر) ہی خطرناک ثابت نہیں ہوتا بلکہ اس کی شرح میں نمایاں کمی بھی جان لیوا ثابت ہوسکتی ہے جبکہ ایسا ہونے کی صورت میں دماغی امراض جیسے الزائمر یا ڈیمنیشیا وغیرہ بھی شکار بناسکتے ہیں۔
اگر کوئی فرد ذیابیطس کا شکار ہو تو ہائی بلڈ پریشر اس کے دل و خون کی شریانوں کو نقصان بھی پہنچا سکتا ہے عام طور پر 120/80mm کو نارمل بلڈ پریشر سمجھا جاتا ہے جس میں اضافہ یا کمی دونوں صورتیں صحت کے لیے تباہ کن ثابت ہوتی ہیں۔
اکثر اس خاموش قاتل کا سبب بہت زیادہ غصے، بہت زیادہ نمک اور جسمانی کمزوری سمیت سکون آور ادویات وغیرہ سمجھی جاتی ہیں تاہم اس کی کچھ غیرمعمولی اور انوکھی وجوہات بھی ہوتی ہیں جن سے اکثر لوگ واقف نہیں ہوتے جبکہ اس مرض پر قابو پانا بھی بہت زیادہ مشکل نہیں درحقیقت طرز زندگی میں معمولی تبدیلی بھی اکثر زندگی بچانے کا باعث بن جاتی ہیں۔
تو ایسی ہی وجوہات اور بچاﺅ کی انوکھی تدابیر کے بارے میں جانے جن سے واقفیت ہر ایک کے لیے ضروری ہے۔

کم تنخواہیں ہائی بلڈپریشر کا سبب
یہ تو ہمیں معلوم ہے کہ کم معاوضہ خون کو کس طرح کھولا دیتا ہے مگر اب ماہرین طب نے بھی اس بات کی تصدیق کردی ہے کہ کم تنخواہیں بلند فشار خون یا ہائی بلڈ پریشر کی وجہ بن جاتی ہیں۔ کیلیفورنیا یونیورسٹی کی تحقیق میں پہلی بار تنخواہوں اور بلڈ پریشر کے درمیان تعلق کا جائزہ لیا گیا جس کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ تنخواہوں کے معاملے پر بلڈ پریشر میں دوگنا اضافہ ہوجاتا ہے جبکہ زیادہ اچھا معاوضہ فشار خون کا خطرہ 16 فیصد تک کم کردیتا ہے۔
طبی ٹیم کے قائد پروفیسر جے پال لیگھ کا کہنا ہے کہ منصوبہ ساز کم از کم تنخواہوں میں اضافہ کرسکتے ہیں جس سے عوامی صحت پر انتہائی مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔

انرجی ڈرنکس بڑھا دیتی ہیں بلڈپریشر کا خطرہ
انرجی ڈرنکس کا زیادہ استعمال بھی ہائی بلڈ پریشر اور جان لیوا امراض قلب کا سبب بن سکتا ہے۔ کیلیفورنیا کی پیسیفک یونیورسٹی کی تحقیق کے مطابق انرجی یا توانائی بخش مشروبات میں کیفین اور دیگر مضر صحت اجزاءکی کثرت ہوتی ہے جو بلڈ پریشر بڑھاتے ہیں اور دل کی دھڑکن خراب ہونے کا خطرہ بھی بڑھ جاتا ہے۔
تحقیق کے مطابق انرجی ڈرنکس کے استعمال سے دل کی دھڑکن کی رفتار آہستہ آہستہ معمول سے کم یا زیادہ ہوجاتی ہے یا اچانک موت کا خطرہ پیدا ہوجاتا ہے۔ محقق ڈاکٹر سچن شاہ کے مطابق دل کی دھڑکن کا عمل جسے کیو ٹی بھی کہا جاتا ہے اس میں بے قاعدگی جان لیوا ثابت ہوسکتی ہے۔

کولڈ ڈرنکس بھی بناسکتی ہیں بلڈپریشر کا مریض
صرف انرجی ڈرنکس ہی نہیں عام کولڈ ڈرنکس بھی آپ کو بلڈ پریشر کا بھی مریض بناسکتی ہیں۔ امریکن جرنل آف کارڈلوجی میں شائع ہونے والی تحقیق کے مطابق چینی سے بنے مشروبات اور ہائی بلڈ پریشر کے درمیان مضبوط تعلق موجود ہے۔
تحقیق میں سابقہ تحقیقی رپورٹس کا جائزہ لینے کے بعد یہ بات سامنے سے آئی کہ کولڈ ڈرنکس کے استعمال سے لوگوں کے اندر ہائی بلڈ پریشر کا خطرہ 26 سے 70 فیصد تک بڑھ جاتا ہے۔ تحقیق کے مطابق کولڈ ڈرنکس کے شیدائی نوجوانوں میں یہ خطرہ 87 فیصد تک ہوتا ہے جو آگے بڑھ کر ذیابیطس، امراض قلب اور فالج کی شکل میں بھی سامنے آسکتا ہے۔
محققین کا کہنا ہے کہ میٹھے مشروبات کے استعمال سے جسم میں نائٹرک آکسائیڈ کی مقدار کم ہوجاتی ہے جس سے بلڈپریشر بڑھ جاتا ہے۔

موبائل فونز سے ہائی بلڈپریشر کا خطرہ
موبائل فون کا زیادہ استعمال بلند فشار خون یا ہائی بلڈ پریشر کا سبب بن سکتا ہے۔ اٹلی کے ولیم سلیسیٹو ہاسپٹل کی تحقیق کے مطابق موبائل فون سے گفتگو کے دوران تناﺅ بلڈ پریشر کا سبب بن سکتا ہے۔
تحقیق میں کہا گیا ہے کہ ایک موبائل کام کے ساتھ اوسطاً بلڈپریشر 121/77 سے 129/82 تک پہنچ جاتا ہے، جبکہ صحت مند لیول 120/80 ہے۔ تحقیق میں مزید کہا گیا ہے کہ یہ تو صرف ایک کال کی بات ہے جبکہ متعدد افراد کو تو روزانہ 10 سے 30 یا اس سے بھی زائد کالز آتی ہیں جس سے ان کا بلڈ پریشر بڑھ جاتا ہے۔
محقق ڈاکٹر گیوسیپے کریپا کے مطابق نوجوانوں کو موبائل فونز سے زیادہ مسئلہ نہیں ہوتا مگر درمیانی عمر کے افراد اس سے زیادہ متاثر ہوتے ہیں۔
جاری ہے۔۔۔