برطانوی پولیس کی جانب سے ڈونلڈ ٹرمپ کے بیان کی تردید
برطانوی پولیس نے امریکا کے ریپبلکن صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کے اس دعوے کو مسترد کر دیا ہے کہ برطانوی مسلمان اپنے محلوں میں انتہا پسندوں کی موجودگی کی اطلاع پولیس کو نہیں دیتے۔
ایسوشی ایٹیڈ پریس نے لندن سے رپورٹ دی ہے کہ برطانوی پولیس کے ڈپٹی چیف نے بدھ کو ایک بیان میں کہا ہے کہ برطانوی مسلمانوں کے بارے میں امریکا کے ریپبلکن صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کا دعوی غلط ہے۔ انھوں نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے اس بیان پر ان کے خلاف نسل پرستانہ جرائم کی دفعہ کے تحت مقدمہ قائم کیا جاسکتا ہے۔ یاد رہے کہ امریکا کے انتہا پسند ریپبلکن صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے برطانوی ٹی وی کے ایک مارننگ شو میں کہا تھا کہ برطانوی مسلمان انتہا پسندوں کے حامی ہیں اور اپنے محلوں میں موجود انتہا پسند عناصر کی اطلاع پولیس کو نہیں دیتے۔ برطانوی پولیس کے ڈپٹی چیف نے ڈونلڈ ٹرمپ کے اس بیان کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کا یہ بیان بدترین کاموں کے زمرے میں آتا ہے کیونکہ اس قسم کی بے بنیاد باتوں سے عوام میں نفرت کے جذبات بھڑک سکتے ہیں اور اس سے دہشت گردوں کو فائدہ پہنچ سکتا ہے۔