ٹینس بال کے 11 'جادو' (پہلا حصہ)
اگر آپ سے پوچھا جائے کہ ایک ٹینس بال کس کام آسکتی ہے تو آپ کا کیا جواب ہوگا؟ یقیناً بیشتر افراد تو یہی کہیں گے کہ اسے کرکٹ یا ٹینس کھیلنے یا کسی کو مارنے کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے تاہم ایسا بالکل نہیں۔
ٹینس کورٹ یا کسی بچوں کے پلے گراﺅنڈ سے باہر بھی ٹینس بالز کے ذریعے آپ بہت کچھ ایسا کرسکتے ہیں جس کا آپ نے کبھی تصور بھی نہیں کیا ہوگا۔
جیسے گاڑی کو پارک کرنے میں آسانی اور رات کی بہترنیند وغیرہ، یہاں کچھ ایسے ہی زبردست نسخے بتائے جارہے ہیں جو آپ کو دنگ کرکے رکھ دیں گے۔
روئی بھری اشیاءکی اصل شکل واپس لانا
اگر تو آپ کے تکیے، گدے یا جیکٹیں وغیرہ گیلے ہوجائیں اور آپ انہیں ڈرائیر میں خشک کرکے اصل حالت میں یعنی ان کا ابھار واپس لانا چاہتے ہیں تو ایک یا دو ٹینس بالز بھی ڈرائیر میں ان اشیاءکے ساتھ ڈال دیں۔ اس طرح گیلا ہونے سے دب جانے والے تکیے یا گدے کو پہلے جیسی شکل میں واپس لایا جاسکتا ہے۔
سوجن کے شکار پیروں کو سکون پہنچائیں
اگر پیروں میں تکلیف کے باعث سوجن ہوگئی ہو اور آپ اس سے نجات چاہتے ہو تو ایک ٹینس بال کو فرش پر رکھ دیں۔ اپنے جوتے یا چپلیں اتاریں اور پیر کو گیند کے اوپر رکھ دیں۔ اب اپنے پیروں کی مدد سے گیند کو گھمانے کی کوشش کریں، کچھ دیر ایسا کرنے سے آپ کی تکلیف میں نمایاں کمی محسوس ہوگی۔
کمر کا مساج
کسی بڑی جراب میں کچھ ٹینس بالز ڈالیں اور اوپر سے گرہ لگادیں۔ اب گیندوں سے بھری جراب کو ایک تولیے میں لپیٹ کر اپنی کمر پر گھمائیں اس سے سکون تو محسوس ہوگا ہی نہانے کے بعد جسم خشک کرنے میں بھی مدد ملے گی۔
چھوٹا ٹول باکس تیار کریں
ایک ٹینس بال کو لمبی پٹیوں کی شکل میں کاٹ کر اسے بھینچ کر زیادہ پھیلانے کی کوشش کریں اور اس عمل کے دوران اس میں کچھ کیلیں ڈال دیں۔ بس چھوٹا ٹول باکس تیار جسے آپ گھر میں یا باہر کسی بھی جگہ ساتھ لے جاسکتے ہیں اور کسی کیل کی ضرورت پڑنے پر اسے ایک بار پھر دبا کر باہر نکال سکتے ہیں۔
اپنی جرابوں کو بچائیں
اپنی جرابوں کو اس لیے ضائع مت کریں کیونکہ ان میں کسی جگہ سوراخ ہوگیا ہے، بس ایک ٹینس بال اگلے یا پچھلے حصے میں رکھیں (ضرورت پڑنے پر گیند کو دبا لیں)، ٹینس بال جراب کی سطح کو کھینچ کر بڑا کردے گی جس کے نتیجے میں اس کی سلائی آسان ہوجائے گی اور سینے کے بعد بھی اسے پہننا آسان ہوگا۔
جاری ہے۔۔۔