• صارفین کی تعداد :
  • 5186
  • 6/28/2014
  • تاريخ :

ماہ رمضان اور اس کي خصوصيات

بسم الله الرحمن الرحيم

برکتوں سے مالا مال مہينہ ، رحمتوں، بخششوں اور آگ سے رہائي کا مہينہ ہمارے رو برو ہے- لفظ ”‌رمضان “کا اصلي منبع (ريشہ) ”‌رَمَضَ“ ہے بمعني خزاں ميں برسنے والي وہ بارش جو فضا کو گرميوں کي خاک اور غبار سے پاک کرتي ہے [عرب علاقوں ميں ساون کا موسم، موسمِ گرما اور موسمِ خزاں کے درميان حائل نہيں ہوتا جو کہ دنيا بھر ميں صرف برِصغير کا طرّہ امتياز ہے] لہٰذا صحرا کي گرمي اور فضا ميں معلق گرد و غبار خزاں کے شروع ميں ہونے والي بارش سے مکمل پاک ہو جاتي ہے، يا دوسرا معني سورج کي تپش سے پتھر پر پڑنے والا داغ ہے- (تفسيرِ فخرالرازي، ج5، ص89/العين، ص327)

ليکن يہ نام کيوں سال کے مہينوں ميں سے ايک مہينے کا رکھا گيا ہے؟

زمحشري (الکشاف، ج1، ص113 ميں) کہتے ہيں: اگر پوچھيں کيوں ماہِ رمضان کو يہ نام ديا گيا ہے؟ تو کہوں گا”‌ماہِ رمضان ميں روزہ رکھنا، ايک پراني عبادت ہے اور گويا کہ عربوں نے يہ نام بھوک کي حرارت سے گرم ہونے اور اسکي سختي سے پيٹ کے چکھنے کي وجہ سے رکھا ہے- اسي طرح اس ماہ کو ”‌ناتق (رنج لانے والا)“ بھي کہتے ہيں، چونکہ روزے کي سختي انہيں رنج و زحمت ميں ڈالتي ہے-“

اور کہا جاتا ہے: ”‌چونکہ مہينوں کے نام قديم زبان سے نقل کئے گئے ہيں اور وہ لوگ جس زمانے ميں موجود تھے اس وقت کي مناسبت سے مہينوں کے نام مقرر کرتے تھے اور يہ مہينہ نام گذاري کے وقت سخت گرم دنوں ميں تھا-

کچھ اور روايات يہ نام رکھنے کي وجہ ماہِ رمضان کے انساني جان کے آئينے کو، گناہوں کي آلودگي سے اور ضمير کو، لغزشوں سے پاک کرنے والے کردار کي صلاحيّت قرار ديتے ہيں- پيامبر اکرم صلي اللہ عليہ وآلہ وسلم  سے روايت ہے:بے شک اس مہينہ کا رمضان نام رکھا گيا ہے چونکہ يہ گناہوں کو پاک کرتا ہے- (کنز العمال: ج8، ص466، ح 23688)

نام رکھنے کي يہ وجہ ايک طرف تو لغت کے اصل منبع (ريشہ) ”‌رَمَضَ“اور دوسري طرف برکتوں، موجود مغفرتوں اور ان کے آثار سے ہم آہنگ اور متناسب بھي ہے-

اس مہينے کو کئي ديگرناموں سے بھي پکارا گيا ہے مثلاً

1- ماہِ خدا 2- خداکي مہماني کا مہينہ 3- ماہِ نزولِ قرآن 4- ماہِ تلاوتِ قرآن 5- ماہِ مسلمانان 6- ماہِ نماز 7- آزادي کا مہينہ 8- صبر کا مہينہ 9- استغفار کا مہينہ 10- دعا کا مہينہ 11- ماہِ مبارک 12- اوليائِ خدا کا مہينہ 13- فقيروں کي بہار 14- مومنوں کي بہار وغيرہ ( جاري ہے )

 


متعلقہ تحریریں:

عالم کائنات ميں وھابيوں کا نفي واسطہ کا عقيدہ

دين کي طرف رغبت کے اسباب