ويکسين ہوتي کيا ہے ؟
لفظ ويکسين لاطيني زبان کا لفظ ہے جو vacca سے نکلا ہے اور لاطيني زبان ميں vacca گاۓ کو کہا جاتا ہے - ويکسين کے لفظ کو دنيا ميں سب سے پہلے ايک برطانوي سائنسدان بنام ايڈورڈ جنر نے استعمال کيا - اس دور ميں چيچک کي طرح کي ايک بيماري cow pox ہوا کرتي تھي اور اکثر اوقات گوالے اس بيماري کا شکار ہوا کرتے تھے - جب small pox يعني چيچک کي بيماري سامنے آئي تو اس سائنسدان نے يہ مشاہدہ کيا کہ جو لوگ cow pox کا پہلے شکار ہو چکے ہيں ان کو چيچک کا مرض لاحق نہيں ہو رہا ہے - يہي نقطہ اس کي تحقيق کي بنياد بنا اور اس نظريے کي بنياد پر اس نے اپني تحقيق کا آغاز کيا - اس نے تجرباتي بنيادوں پر ايک بچے کو cow pox کے ہلکے جراثيموں سے متاثر کيا جس سے وہ بچہ ہلکا سا بيمار ہوا ليکن جب بچہ تندرست ہوا تو اس نے اسي بچے کو چيچک کے جراثيموں سے متاثر کيا اور اس وقت يہ بات سامنے آئي کہ چيچک کے جراثيم بچے کو بيمار نہيں کر سکے ہيں -
ويکسين ميں يہ کيا جاتا ہے کہ کسي بھي بيماري کے ہلکے اور کمزور جراثيم انساني جسم ميں داخل کيۓ جاتے ہيں - جسم ميں ہر بيماري کا مقابلہ کرنے کے ليۓ مدافعاتي نظام ہوتا ہے - جيسے ہي يہ جراثيم جسم ميں داخل ہوتے ہيں تو اس کے جواب ميں اينٹي باڈيز بننے کا عمل شروع ہو جاتا ہے اور يہ اينٹي باڈيز باہر سے جسم ميں داخل ہونے والے جراثيم کو ختم کر ديتے ہيں - يوں جسم کا دفاعي نظام اس خاص جراثيم سے آشنا ہو جاتا ہے اور جب کبھي دوبارہ اس طرح کے طاقت ور جراثيم حملہ آور ہوتے ہيں تو ويکسين کي وجہ سے پہلے سے موجود اينٹي باڈيز اس طاقتور جراثيم کو آساني کے ساتھ ختم کر ديتے ہيں اور يوں انساني جسم بہت سارے خطرناک امراض سے محفوظ رہتا ہے -
ويکسين کو ليباريٹري ميں اسي بيماري کے کمزور يا مردہ جراثيموں سے تيار کيا جاتا ہے جس بيماري کے خلاف ويکسين کو تيار کرنا ہوتا ہے -
تحرير : ڈاکٹر سيد اسداللہ ارسلان
پشکش : شعبۂ تحرير و پيشکش تبيان
متعلقہ تحریریں:
کارپل ٹونل کي تشخيص
کندھے کي بيماري کي تشخيص و علاج