• صارفین کی تعداد :
  • 990
  • 1/8/2011
  • تاريخ :

جنرل اشفاق کیانی کا دورہ ڈیرہ بگٹی، سوئی میں ملٹری کالج کا افتتاح کیا

 جنرل اشفاق پرویز کیانی

چیف آرمی اسٹاف جنرل اشفاق پرویز کیانی نے ڈیرہ بگٹی کی تحصیل سوئی میں ملٹری کالج سوئی کا افتتاح کیا۔

ابنا: اس موقع پر انہوں نے سوئی چھاؤنی کو پاکستان ایجوکیشن سٹی سوئی میں تبدیل کرنے کا بھی اعلان کیا۔چیف آف آرمی اسٹاف جنرل اشفاق پرویز کیانی ایک روزہ دورے پر ڈیرہ بگٹی کی تحصیل سوئی پہنچے، سوئی پہنچنے پر کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل جاوید ضیاء اور دیگر اعلیٰ فوجی حکام نے ان کا استقبال کیا، سوئی پہنچنے کے بعد جنرل اشفاق پرویز کیانی نے ملٹری کالج سوئی کا افتتاح کیا، ملٹری کالج سوئی معیار میں ملٹری کالج جہلم اور مری کے ہم پلہ ہوگا، اس موقع پر چیف آف آرمی اسٹاف نے کہا کہ سوئی ملٹری کالج ملک کا تیسرا بڑا ملٹری کالج ہوگا، ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ وہ بھی ایسے ہی ملٹری کالج ، یعنی ملٹری کالج جہلم سے فارغ التحصیل ہوئے، انہوں نے اس موقع پر علاقے کی ترقی اور عوام کی خواہشات کے مدنظر سوئی چھاؤنی کو پاکستان ایجوکیشن سٹی سوئی میں تبدیل کرنے کا بھی اعلان کیا، چیف آف آرمی اسٹاف نے کہا کہ بلوچستان کے وسائل پر یہاں کے عوام کا حق ہے، انہوں نے اس موقع پر بلوچستان کے نوجوانوں پر زور دیا کہ فوج میں شمولیت اختیار کرکے ملک و قوم کی خدمت کریں، انہوں نے کہا کہ پاک فوج کے زیر انتظام سوئی میں بلوچستان پبلک اسکول سوئی، وومن ووکیشنل ویلفیئر سینٹر، فیڈرل گورنمنٹ ہائی اسکول اور بلوچستان انسٹیٹیوٹ آف ٹیکینکل ایجوکیشن کے ذیلی ادارے کام کررہے ہیں، اس کے علاوہ پاک فوج اور پی پی ایل کے تعاون سے سوئی کے گھر گھر میں پانی اور گیس کی بنیادی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔ انہوں نے اس موقع پر یہ بھی اعلان کیا کہ فوج کے زیر انتظام گوادر میں بھی ایک ٹریننگ انسٹیٹیوٹ قائم کیا جائے گا،تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر بلوچستان نے فوج کے زیر انتظام سوئی میں ملٹری کالج کے قیام کو سراہا اس موقع پر انہوں نے کہا کہ اگرچہ لاپتہ افراد کے مسئلے پر بات کرنا صوبائی حکومت کا کام ہے تاہم وہ چیف آف آرمی اسٹاف سے صوبے کے لا پتہ افراد کو منظر عام پر لانے میں اپنا کردار ادا کرنے کی گزارش کرتے ہیں۔