امریکہ کی جانب سے حمایت کا اعتراف
عراق کے سیاسی اتحاد العراقیہ کے سربراہ ایاد علاوی نے امریکہ کی جانب سے حمایت کۓ جانے کا اعتراف کر لیا ہے۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق ایاد علاوی نے عراق میں حکومت کی تشکیل کے تعلق سے پیدا ہونے والے سیاسی بحران کے خاتمے کے بعد میڈیا سے اپنی پہلی گفتگو میں سی این این کو انٹرویو دیتے ہوۓ کہا کہ امریکہ نے عراق میں اقتدار کی تقسیم کے بارے میں مجھے یقین دہانی کرائي تھی۔ ایاد علاوی نے مزید کہا کہ عراق کی سیاسی جماعتوں کے ساتھ اسٹریٹیجک پالیسیوں کی اعلی قومی کونسل کی تشکیل اور اس کے اختیارات میں اضافے جیسے جن امور کو میں نے سیاسی گروہوں کے سامنے پیش کیا تھا انہیں میں نے امریکیوں کی مشاورت سے اٹھایا تھا۔ واضح رہے کہ جمعرات کی رات کو عراقی پارلیمنٹ کے اراکین کے اجلاس میں مکمل جمہوری انداز میں اور عراق میں حکومت سازی کے راستے میں آٹھ ماہ تک روڑے اٹکانے والے العراقیہ اتحاد سمیت عراق کے تمام سیاسی گروہوں کی موجودگی میں عراق کے صدر ، وزیر اعظم اور اسپیکر کا انتخاب عمل میں لایا گیا۔ بہت سے سیاسی مبصرین عراق میں ایک شیعہ حکومت کی تشکیل کو امریکہ اور خطے کی ان بعض عرب حکومتوں کی مداخلت پسندانہ پالیسیوں کی ناکامی قرار دے رہے ہیں جنہوں نے ایاد علاوی کو عراق کا وزیر اعظم بنانے کے لۓ بے تحاشا دولت صرف کی لیکن ان کو اپنے مقصد میں کوئي کامیابی حاصل نہ ہوسکی۔