سیلاب زدگان کے لیے ایران کی امداد، پاکستانی حکام اور عوام کا زبردست خیرمقدم
اسلام آباد: اسلام ٹائمز کے پاکستان میں نمائندے کی رپورٹ کے مطابق، اسلامی جمہوریہ ایران کی طرف سے پاکستان میں جاری تباہ کن سیلاب سے متاثرہ افراد کے لیے بھیجی جانے والی امداد کا پاکستانی حکام اور عوام نے بھرپور خیرمقدم کیا ہے۔ ایران کی طرف سے اب تک دی جانے والی امداد میں خشک خوراک، خیمے، کمبل، ادویات اور دیگر ضروری اشیاء شامل ہیں۔ یہ امداد فضائی اور زمینی راستوں سے گذشتہ دو ہفتوں کے دوران پاکستان پہنچی، جسے متعلقہ حکام کے حوالے کیا گیا۔
ایران ان چند ممالک میں شامل ہے، جنھوں نے سب سے پہلے اقوام متحدہ کی اپیل پر اس مشکل گھڑی میں پاکستان کی فوری مدد کی ہے۔ اقوام متحدہ نے پاکستان میں سیلاب زدگان کے لیے چار سو ساٹھ ملین ڈالر امداد کی اپیل کی تھی، جس میں سے آدھی رقم پاکستان کو مل چکی ہے۔ اس سیلاب کے نتیجے میں دو کروڑ افراد متاثر ہوئے ہیں، جبکہ مرنے والوں کی تعداد دو ہزار بتائی جاتی ہے۔ یہ ایسی صورت میں ہے، جبکہ پاکستان کے مختلف علاقوں میں سیلابی ریلے وقت کے ساتھ بڑھ رہے ہیں۔ ملک کے چاروں صوبوں کے سیلاب زدہ علاقوں میں وبائی امراض پھیل چکی ہیں اور ادویات کی سخت قلت پائی جاتی ہے۔
اسلام آباد میں اسلامی جمہوری ایران کے سفارت خانے کے ذرائع کے مطابق، امدادی سامان کی ایک اور کھیپ جلد ہی ایران سے پاکستان پہنچ جائے گی۔ ہمارے نمائندے کے مطابق، ایران نے اب تک سامان سے لدے چار ٹرک اور تین کارگو ہوائی جہاز جن میں کھانے پینے اور روزمرہ استعمال کا ضروری سامان تھا، پاکستان بھیجے ہیں۔ یہ سامان جس کی قیمت آٹھ لاکھ ڈالر بنتی ہے، پاکستانی حکام کے حوالے کیا گیا اور امداد کا یہ سلسلہ اب بھی جاری ہے۔
یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ اب تک اسی فیصد مال مویشی پاکستان کے سیلاب زدہ علاقون میں بہہ چکے ہیں۔ ادھر اقوام متحدہ کی ایک رپورٹ کے مطابق، اتنی بھاری امداد کے اعلانات کے باوجود پاکستان کے سیلاب زدہ علاقوں میں اب بھی لاکھوں لوگ امداد اور ضروری اشیاء سے محروم ہیں۔ یہ گذشتہ اسی سالوں میں علاقے میں بدترین سیلاب ہے، جس نے شمال سے جنوب تک پاکستان کو متاثر کیا ہے۔
ہمارے ذرائع کے مطابق، پاکستان میں سیلاب آنے کے فورا بعد ایرانی حکام نے پاکستانی حکومت سے رابطہ کر کے سیلاب کے نقصان پر افسوس کا اظہار کیا اور آفت کی اس گھڑی میں اپنی بھرپور آمادگی اور امداد کا یقین دلایا ہے۔ ان ملاقاتوں میں دونوں اطراف نے سیلاب سے پیدا ہونے والی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا اور دو طرفہ برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور باہمی تعاون بڑھانے پر زور دیا گیا۔
ایران کے وزیر خارجہ منوچھر متکی نے گذشتہ ہفتے اپنے پاکستانی ھم منصب شاہ محمود قریشی سے فون پر بات چیت کے دوران سیلاب میں جانی اور مالی نقصانات پر افسوس کا اظہارکیا۔ انھوں نے پاکستانی حکومت اور عوام سے ھمدردی ظاہر کرتے ہوئے پاکستانی وزیر خارجہ کو ایران کی طرف سے ہر ممکنہ امداد دینے کا یقین دلایا۔
دراین اثناء، لاھور میں ایران کے نئے قونصلر جنرل، علی نیاکان نے پنجاب کے وزیر اعلیٰ شہباز شریف سے گذشتہ ہفتے ملاقات کی اور سیلاب کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ شہبازشریف نے ایران کی طرف سے سیلاب زدگان کے لیے امداد پر ایران کی حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کیا۔
ایران نے اقوام متحدہ کی طرف سے امداد کی اپیل پر دس ملین ڈالر کی امداد دینے کا اعلان کیا ہے۔
امداد امام خمینی رہ فاونڈیشن بہت جلد ایرانی عوام کی طرف سے جمع ہونے والی امدادی اشیاء پاکستان روانہ کر دے گی۔ ادھر ایران کے تمام شہروں میں آئمہ جمعہ و جماعت نے حالیہ جمعے کے خطبات کے دوران پاکستان کے سیلاب زدگان کے لیے امداد کی اپیل کی ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے رھبر حضرت آیتہ اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای کے ایک خصوصی نمائندہ وفد نے پاکستان کے سیلاب زدہ علاقوں کو دورہ کیا۔ وفد جس میں ایران کے وزیر داخلہ مصطفیٰ نجار اور ایک ایرانی معروف عالم دین جناب محمد حسن رحیمیان بھی شامل تھے، پاکستانی حکام اور سیل زدگان سے مل کر اپنی ھمدردی کا اظہار کیا۔ ایران کی جمیعت ہلال احمر نے ابتک ایک سو چالیس ٹن کا امدادی سامان پاکستانی حکام کے حوالے کیا ہے اور ایران کے چمبر آف کامرس نے بھی ایک ملین ڈالر کی امداد کا اعلان کیا ہے۔
ایران میں میڈیا کے ذریعے بھی لوگوں سے پاکستان کے سیلاب زدہ مسلمان بھائیو کی مدد کی اپیلیں کی جا رہی ہیں۔ اور چھوٹی بڑے سب شھروں میں امداد جمع کرنے کے لئے سٹال لگا دیئے گئے ہیں،جھاں لوگوں سے نقدی اور غیر نقدی امداد جمع کی جا رہی ہے۔ اور امداد جمع کرنے کی یہ مہم جمعرات اور جمعہ کو اپنے عروج پر ہو گی۔