قرآن مجید کی توہین سےامریکہ کے لئے تباہ کن اور سنگين نتائج برآمد ہونگے
افغانستان میں امریکی اور نیٹو فورسز کے کمانڈر جنرل ڈیوڈ پیٹریاس نے خبردار کیا ہے کہ اگر امریکہ کے شہر فلوریڈا میں مسلمانوں کی مقدس کتاب قرآن مجید کو جلانے کے منصوبے پر عمل کیا گیا تو امریکہ کے لئےاِس کے تباہ کن اور خطرناک نتائج برآمد ہونگے۔
مہر خبررساں ایجنسی نے ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ افغانستان میں امریکی اور نیٹو فورسز کے کمانڈر جنرل ڈیوڈ پیٹریاس نے خبردار کیا ہے کہ اگر امریکہ کے شہر فلوریڈا میں مسلمانوں کی مقدس کتاب قرآن مجید کو جلانے کے منصوبے پر عمل کیا گیا تو امریکہ کے لئےاِس کے تباہ کن اور خطرناک نتائج برآمد ہونگے۔ جنرل پیٹریاس نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ قرآن کے نسخے جلانے کا منصوبہ ناصرف امریکی فوجیوں کی سلامتی کو خطرے میں ڈال سکتا ہے بلکہ افغانستان میں ہماری مجموعی کوششوں کو بھی نقصان پہنچ سکتا ہے۔ فلوریڈا کے ایک چرچ نے نائن الیون واقعہ کے نو سال مکمل ہونے پر قرآن مجید جلانے کا اعلان کیا ہے۔ فلوریڈا کے چرچ کی اِس شرمناک مہم کیخلاف امریکہ سمیت دنیا بھر کے مسلمانوں نے شدید تنقید کی ہے۔ کئی ممالک میں زبردست احتجاجی مظاہرے بھی ہوئے ہیں۔ اور اسے نا صرف قرآن مجید کی توہین بلکہ دینِ اسلام اور اس کے ماننے والے مسلمانوں کی ہتک قرار دیا جا رہا ہے۔ امریکہ کی عیسائی سمیت کئی مذہبی تنظیمیں بھی منصوبے کی شدید مخالفت کر رہی ہیں۔ اس شرمناک مہم کے پیچھے امریکی صہیونیوں کا ہاتھ بتایا جا رہا ہے۔