• صارفین کی تعداد :
  • 7044
  • 7/6/2010
  • تاريخ :

ميں خربوزہ ہوں

ميں خربوزہ ہوں

جي ہاں! آپ مجھے اچھي طرح جانتے ہيں۔ گرميوں کي آمد کے ساتھ جوں جوں سورج تيز ہونے لگتا ہے، ميں آپ کي مدد کے لئے بازار ميں آجاتا ہوں۔ يوں تو سب پھل اچھے ہوتے ہيں، ليکن گرميوں کے موسم ميں ميري قدر زيادہ ہوتي ہے۔ کيونکہ ميں اس موسم کي سختيوں اور تکليفوں کے دور کرنے ميں آپ کي بڑي مدد کرتا ہوں۔ ميرا ذائقہ اور خوشبو سب کو بھاتي ہے۔ پاکستان ميں ميري کئي قسميں کاشت ہوتي ہيں؛ زرد، گہرا سرخ، سفيد اور سبز۔ سب کے اپنے رنگ اور مزے ہوتے ہيں۔ کوئي اتنا ميٹھا کہ لب بند ہو جائيں، کوئي ہلکي مٹھاس والا اور کچھ بالکل پھيکے سيٹھے، ليکن فائدہ سب سے ہوتاہے۔

ميري کاشت عام طور پر درياوں اور نالوں کے کنارے ہوتي ہے۔ يہاں کي رتيلي زمين ميں ميري جڑيں دور تک جاکر صاف ستھرا پاني پي کر بڑھتي اور پھلوں ميں رنگ، خوشبو اور ذائقہ بھرتي رہتي ہيں۔

ميرا شمار سستے پھلوں ميں ہوتا ہے۔ گاوں ديہات ميں تو ڈھيروں خربوزہ کھايا جاتا ہے، ہاں شہروں ميں مہنگا بکتا ہوں، ليکن ميرے فائدے ميري قيمت سے زيادہ ہوتے ہيں۔ ميري دو قسميں، سردا اور گرما بڑي اور وزني ہونے کے ساتھ ساتھ بہت ميٹھي بھي ہوتي ہيں۔

مجھ ميں کافي غذائي اجزاء ہوتے ہيں۔ مجھے پابندي سے کھائيے، اس سے اگر آپ دبلے اور کمزور ہوں تو وزن بھي بڑھے گا اور آپ خود کو تازہ دم بھي محسوس کريں گے۔

طبي لحاظ سے مجھ ميں پيشاب زيادہ لانے کي صلاحيت ہوتي ہے۔ اس لئے گردوں کے مريضوں کے لئے ميں بہت مفيد ثابت ہوتا ہوں۔ زيادہ پيشاب لانے کي وجہ سے جسم سے خون کے خراب مادوں کے علاوہ ميں گردوں اور مثانے سے پتھري بھي نکال ديتا ہوں۔ ميرے چھلکوں سے نمک بھي حاصل کيا جاتا ہے۔ جس کے کھانے سے يہي فائدے حاصل ہوتے ہيں۔ يہ نمکِ خربوزہ کہلاتا ہے۔

اسي طرح ميرے چھلکوں کو پاني يا عرقِ گلاب ميں پيس کر چہرے پر ليپ کرنے سے رنگ صاف ہوتا ہے۔

اکثر اوقات پيشاب ميں جلن کي شکايت ہوجاتي ہے۔ گرميوں ميں خاص طور پر يہ تکليف ہو تو ميرے کھانے سے يہ تکليف بھي دور ہو جائے گي۔ ميرے استعمال کا بہترين وقت سہ پہر کا ہوتا ہے۔

ميرے باريک ٹکڑوں کے ساتھ برف کا چورا، دودھ، بالائي اور شکر ملا لينے سے بڑي عمدہ ميٹھي ڈش تيار ہوجاتي ہے۔ ميرے بيجوں کو خاص طور پر شہروں ميں پھينک ديا جاتا ہے۔ حالانکہ يہ بيج بھي بہت مفيد ہوتے ہيں۔ ان کے استعمال سے بھي گردے، مثانے اور آنتيں صاف ہوتي ہيں۔ اسي طرح انھيں چھيل کر مغز پيس کر ليپ کرنے سے چہرے کي رنگت نکھرتي ہے۔ انھيں کھانے سے گلے کي خشکي اور خراش بھي دور ہوتي ہے۔ معالجين بتاتے ہيں کہ ميرے بيجوں کے مغز کے استعمال سے دماغ کو بھي طاقت ملتي ہے۔

مجھ ميں پروٹين، نشاستہ، کيلشيم کے علاوہ فولاد، تانبا، حياتين الف، حياتين ب اور وٹامن سي بھي ہوتا ہے۔

تحرير: رشيد الدين احمد


متعلقہ تحریریں :

خربوزہ بے شمار امراض کا شافی پھل

گرمی کی غذائیں