• صارفین کی تعداد :
  • 2758
  • 12/21/2009
  • تاريخ :

محرم ایک عظیم سرمایہ ہے ( حصّہ دوّم )

محرم الحرام

اسلامی جمہوریہ ایران میں یہ کام امام خمینی رہ نے بہترین شکل میں  انجام دیا امام خمینی (رہ)  کا یہ معروف جملہ جس میں آپ نے فرمایا تھا:

محرم شمشیر پر خون کی فتح کا مہینہ ہے

 ان انقلابی تحریک میں عملی میں طور پر متجلی ہے اور اسی سبق نے ایران کے اسلامی انقلاب کو کامیابی سے ہمکنار کیا ۔ ایران کے اسلامی انقلاب کی کامیابی کو یقینی طور پر واقعہ کے عاشورا کے درس سے الہام لینے اور اس واقعہ کے پرتو میں ہی دیکھا جانا چاہئے کیونکہ اسلامی انقلاب نے واقعہ عاشورا  سے بھر پور فائدہ اٹھایا اور اسی کو اپنے لئے نمونہ قرار دیا اور یہ سلسلہ آج بھی جاری ہے اور آئندہ بھی ایران کا اسلامی انقلاب واقعہ عاشورا  کے ہی پرتو  میں اپنی سرگرمیاں جاری رکھے گا ۔ ایران کے عوام نے اسلامی انقلاب کو آسانی سے کامیاب نہيں بنایا ہے یا اس نے اپنے ملک ميں جو اسلامی نظام قائم کیا ہے وہ آسانی سے ممکن نہيں ہوا ہے ۔ گذشتہ تیس برسوں ميں ایران کے عوام نے اسلامی انقلاب اور اسلامی نظام کی حفاظت کے لئے بے پناہ قربانیاں دی ہيں اور آئندہ بھی اس کے ثمرات کے تحفظ کے لئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہيں کریں گے ان کے سامنے واقعہ  عاشورا ہے۔ حضرت امام حسین علیہ السلام نے جو انقلاب میدان کربلا میں بپا کیا تھا اس کی حفاظت میں امام زین العابدین اور جناب زینب کبری سلام اللہ علیھما نے جو قربانیاں دی ہيں وہ کربلا کے میدان میں قربانی دینے والوں کی قربانیوں سے کہیں زیادہ سخت و دشوار تھیں اور آج ایران کے عوام  بھی اس بات کو اچھی طرح جانتے ہیں کہ انقلاب بپا کرنے سے زیادہ سخت اس کی حفاظت اور اس کے ثمرات کا تحفظ ہے اسی لئے ایران کے عوام محرم اور صفر کو انقلاب کے ثمرات کے تحفظ کے تعلق سے بہت ہی اہم موقع کے طور پر دیکھتے ہیں اور ان ایام سے پوری طرح استفادہ کرنے کی کوشش کرتے ہيں ۔ امام خمینی( رہ) کے نقطہ نگاہ سے اسلام ایک انسان ساز مکتب ہے اور اسلامی انقلاب بھی اصل اسلام کے نام  پر ہی برپا ہوا ہے اور ایران کا اسلامی نظام بھی ملت ایران کے لئے ایک سعادت بخش نطام ہے اور ملت ایران نے اس کے حق میں ووٹ دے کر اسے  قائم کیا اور گذشتہ تیس برسوں سے اس کی حفاظت بھی کر رہی ہے ۔ ایران کے عوام آج اپنی عزت و سربلندی کو امام خمینی( رہ)  کی قیادت کا مرہون منت سمجھتے ہيں جنھوں نے اس قوم کو استکبار کے چنگل سے آزاد کرایا اور استبدادی حکومتوں سے نجات دلائی۔ امام خمینی نے اس قوم کو جس کی اپنی قدیم تہذيب اور درخشاں ماضي ہے اور جس پر استبداد کا تسلط تھا آزادی و خودمختاری کی نعمت سے سرفراز کیا چنانچہ گذشتہ روز جمعہ یکم محرم الحرام کو پورے ملک میں پیر و جوان خورد و بزرگ بچوں اور بوڑھوں نے جس طرح سے سڑکوں پر نکل کر اپنے رہبر کبیر کے اصولوں اور ان کے بتائے ہوئے راستوں پر چلنے کا عہد کیا وہ اس بات کو دنیا پر واضح کر دیتا ہے کہ ایران کے عاشورائی عوام اپنے قائد و رہبر کے اصولوں کو کربلا کے ہی درس سے عبارت سمجھتے ہيں جنھیں وہ کبھی بھی فراموش نہیں کر سکتے اور نہ ہی ان کے احسانات کو کبھی بھول سکتے ہیں ۔ بعض ناعاقبت اندیش اور احسان فراموش عناصر کے ذریعہ پچھلے دنوں امام خمینی (رہ)  کی شان میں کي گئی اہانت کے بعد گذشتہ ایک ڈیڑھ ہفتے سے ایران کے تمام شہروں میں ہر طبقے سے تعلق رکھنے والوں نے اس مذموم اور منافقانہ اقدام کی مذمت کرتے ہوئے امام خمینی سے اپنی عقیدت اور محبت کا اسی طرح سے اظہار کیا جس طرح اسلامی انقلاب کی تحریک کے دوران اور اس سے پہلے و بعد کے برسوں میں کیا کرتے تھے ۔

تحریر: علی عباس رضوی  ( اردو ریڈیو تہران )  


متعلقہ تحریریں:

کامیاب کون ہوا ؟

محرم پر تصويري اشاعت

کربلا کے شھيدوں کي ياد ميں نوحے

محرم کے پهلے دس دنوں کے تاریخی واقعات