یوم اسلامی جمہوریۂ ایران
12 فروردین سنہ 1358 ہجری شمسی کو ایران میں اسلامی جمہوری نظام قائم کرنے کا اعلان کیا گیا ۔ انقلاب اسلامی کی کامیابی کے بعد، حکومتی نظام کے تعین کے لئے ریفرینڈم کروایا گیا تھا ۔ اس ریفرینڈم میں 98 فیصد ووٹ اسلامی جمہوری نظام کے حق میں ڈالے گئے ۔ اس دن کے بعد سے ہر سال بارہ فروردین کو یوم اسلامی جمہوریۂ ایران منایا جاتا ہے ۔ بارہ فروردین کا دن، انقلاب اسلامی کے عظیم دنوں میں سے ایک ہے جس میں ایران کی مسلمان قوم نے شعور اور سیاسی آگہی کی بنا پر اسلامی جمہوری نظام کو منتخب کیا اور یہ تاریخی انتخاب ملّت ایران کی سیاسی زندگی میں ایک نیا موڑ تھا ۔
بانی انقلاب اسلامی حضرت امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ نے ایران میں اسلامی جمہوری نظام کے اعلان کی مناسبت سے اپنے پیغام میں فرمایا ۔ مبارک ہو آپ پر، آپ نے اپنے نوجوانوں کی شہادت اور بڑی مصیبتیں اٹھانے کے بعد اپنے دشمن کو ناکام کردیا اور اسلامی جمہوری نظام کے حق میں ووٹ ڈال کر حکومت عدل الہی کا اعلان کیا ایسی حکومت جس میں سارے لوگ یکساں اور برابر ہیں اور عدل الہی کا نور سب پر پڑ رہا ہے اور قرآن و سنت کی رحمت سب پر یکسان برس رہی ہے ۔
اردو ریڈیو تہران