اعمال کا بہترین صلہ
جو شخص نیکی لے کر آئے گا اسے اس سے بہتر اجر ملے گا اور وہ اس دن کی ہولناکیوں سے امن میں ہوں گے - اور جو شخص برائی لے کر آئے گا پس انہیں اوندھے منہ آگ میں پھینک دیا جائے گا، کیا تمہیں اپنے کیے کے علاوہ کوئی اور جزا مل سکتی ہے؟
سورۃ الانمل (27) آیات 90-89
قدرت کا کرشمہ
اور آپ پہاڑوں کو دیکھتے ہیں تو سمجھتے ہیں کہ یہ ایک جگہ ساکن ہیں جب کہ (اس وقت) یہ بادلوں کی طرح چل رہے ہوں گے، یہ سب اس اللہ کی صنعت ہے جس نے ہر چیز کو پختگی سے بنایا ہے، وہ تمہارے اعمال سے یقینا خوب باخبر ہے
سورۃ الانمل (27) آیت : 88
صور
اور جس روز صور پھونکا جائے گا تو آسمانوں اور زمین کی تمام موجودات خوفزدہ ہو جائیں گی سوائے ان لوگوں کے جنہیں اللہ چاہے اور سب نہایت عاجزی کے ساتھ اس کے حضور پیش ہوں گے
سورۃ الانمل (27) آیت : 78
پوشیده اور ظاہر
اور جو کچھ ان کے سینوں میں پوشیدہ ہے اور جو کچھ وہ ظاہر کرتے ہیں بتحقیق آپ کا پروردگار اسے خوب جانتا ہے - اور آسمان اور زمین میں کوئی ایسی پوشیدہ بات نہیں ہے جو کتاب مبین میں نہ ہو ۔
سورۃ الانمل (27) آیات 75-74
فضل فرمانے والا
اور وہ کہتے ہیں: اگرتم سچے ہو تو یہ وعدہ آخر کب پورا ہو گا؟ کہدیجئے: ممکن ہے جن بعض باتوں کے لیے تم عجلت چاہ رہے ہو وہ تمہارے پس پشت پہنچ چکی ہوں - اور بتحقیق آپ کا پروردگار لوگوں پر بڑا فضل کرنے والا ہے لیکن اکثر لوگ شکر نہیں کرتے
سورۃ الانمل (27) آیات 73-71
مجرموں کا انجام
اور کفار کہتے ہیں: جب ہم اور ہمارے باپ دادا خاک ہو چکے ہوں گے تو کیا ہمیں (قبروں سے) نکالا جائے گا؟ اس قسم کا وعدہ پہلے بھی ہم سے اور ہمارے باپ دادا سے ہوتا رہا ہے یہ تو قصہ ہائے پارینہ کے سوا کچھ نہیں - کہدیجئے: زمین میں چل پھر کر دیکھ لو کہ مجرموں کا کیا انجام ہوا ہے
سورۃ الانمل (27) آیات 69-67
آخرت کا علم
کہدیجئے: جو کچھ آسمانوں اور زمین میں ہے، وہ غیب کی باتیں نہیں جانتے سوائے اللہ کے اور نہ انہیں یہ علم ہے کہ کب اٹھائے جائیں گے - بلکہ آخرت کے بارے میں ان کا علم ماند پڑ گیا ہے، بلکہ وہ اس کے بارے میں شک میں ہیں بلکہ یہ اس کے بارے میں اندھے ہیں
سورۃ الانمل (27) آیات 66-65
اگر تم سچے ہو
کون خلقت کی ابتدا کرتا ہے پھر اسے دہراتاہے اور کون تمہیں آسمان اور زمین سے رزق دیتا ہے؟ کیا اللہ کے ساتھ کوئی اور معبود بھی ہے؟ کہدیجئے: اپنی دلیل پیش کرو اگر تم لوگ سچے ہو
سورۃ النمل (27) آیت 64
ایمان اور دعوت
اور تمہیں کیا ہو گیا ہے کہ تم اللہ پر ایمان نہیں لاتے؟ جب کہ رسول تمہیں تمہارے رب پر ایمان لانے کی دعوت دے رہا ہے اور وہ تم سے مضبوط عہد لے چکا ہے اگر تم ماننے والے ہو
سورة الحدید (58) آیت : 8
قیامت
جب ہونے والا واقعہ ہو چکے گا. تو اس کے وقوع کو جھٹلانے والا کوئی نہ ہو گا. وہ تہ و بالا کرنے والا (واقعہ) ہو گا جب زمین پوری طرح ہلا دی جائے گی، اور پہاڑ ریزہ ریزہ کر دیے جائیں گے، تو یہ منتشر غبار بن کر رہ جائیں گے، اور تم تین گروہوں میں بٹ جاؤ گے
سورة الواقعة (57) آیات: 7-1