1
اگر بیچنے والا جنس کی قیمت خرید، خریدنے والے کو بتائے تو اس کو وہ تمام چیزیں بھی بیان کرے کہ جن کی وجہ سے مال کی قیمت کم یا زیادہ ہوتی ہے ۔ چاہے کہ اسی قیمت پر بیچے یااس سے کم قیمت پر بیچے مثلاً وہ بتائے کہ نقد خریدی تھی یا ادھار۔
|
2
اگر انسان کوئی جنس کسی کو دے اور اس کی قیمت معین کرے اور کہے کہ یہ جنس اس قیمت پر بیچو اور اس سے زیادہ جتنی قیمت لو گے وہ تمہاری ہوگی اگر دلال اس قیمت کو بعنوان قیمت خرید نہ کہے تو جتنی بھی زیادہ قیمت لے وہ دلال کی ہوگی اور اسی طرح اگر کہے کہ یہ جنس میں نے اتنی قیمت پر تیرے ہاتھ بیچی ہے اور وہ کہے میں نے قبول کی ہے یا بیچنے کی نیت سے کوئی چیز اس کو دے اور وہ بھی خریدنے کی نیت سے لے لے تو اس قیمت سے جتنی زیادہ قیمت پر بیچے وہ اس کا اپنا مال ہوگا۔
|
3
اگر قصاب نر جانور کا گوشت بیچے اور اس کی جگہ مادہ کا گوشت دیدے تو گناہ گار ہوگا ۔ پس اگر اس گوشت کو معین کرتے ہوئے کہے کہ یہ نر جانور کا گوشت بیچتا ہوں تو خریدار کو اختیار ہے کہ معاملہ توڑ دے اور اگر اسے معین نہیں کیا تو اگر خریدنے والا لئے ہوئے گوشت پر راضی نہ ہو تو قصاب کو چاہیے کہ نر کا گوشت دیدے۔
|
4
اگر خریدار کپڑا فروش سے کہے کہ ایسا کپڑا چاہیے کہ جس کا رنگ زائل نہ ہو اور کپڑا فروش ایسا کپڑا دے کہ جس کا رنگ زائل ہوجائے تو خریدنے والا معاملہ کو توڑ سکتا ہے۔
|
5
معاملہ کرتے وقت قسم کھانا اگر سچی ہو تو مکروہ اور اگر جھوٹی ہو تو حرام ہے۔
|