• صارفین کی تعداد :
  • 5864
  • 10/11/2008
  • تاريخ :

رشت (Rasht)

گیلان کا نقشہ

رشت صوبہ گیلان کا دارلخلافہ ہے  جو ایران کے شمالی  حصے میں واقع ہے ۔ اس کا شمار ایران کے خوبصورت ترین شہروں میں ہوتا ہے ۔ یہ شہر سطح سمندر سے سات میٹر پستی  پر واقع ہے اور بندرگاہ انزلی سے اس کا فاصلہ صرف 15 کلو میٹر ہے ۔ بحیرہ خزر کے کنارے واقع ہونے کے ساتھ علاقے کا صنعتی مرکز بھی یہی شہر ہے ۔ سمندر کے کنارے ہونے کی وجہ سے یہاں ہوا میں نمی کا تناسب بھی زیادہ ہوتا ہے ۔ گذشتہ چند سالوں میں اس شہر کی آبادی میں کافی اضافہ ہوا ہے جس کی وجہ سے شہرسے  ملحقہ خوبصورت علاقے آبادی کی لپیٹ میں آتے جا رہے ہیں ۔

مزار

تہران سے اس کا فاصلہ 324 کلو میٹر ہے اور ان دونوں شہروں  کو جدید موٹروے کے ذریعے ملایا گیا ہے ۔ ہر ہفتے کے اختتام اور چھٹیوں میں تہران سے سیاحوں کی ایک بڑی تعداد یہاں تفریح کے لیے آتی ہے ۔ آب و ہوا میں تبدیلی اور دلکش مناظر دیکھنے کے  لیۓ یہ ایک بہترین جگہ ہے ۔ بیرونی ممالک سے آنے والے سیاحوں کے لیے یہ راحت بخش مقام ہے ۔ اس شہر کو بہت جدید سڑکوں کے ذریعے ارد گرد کے  شہروں سے ملایا گیا ہے ۔

باغ محتشم

شہر میں تعمیرات کے لحاظ سے کوئی قابل قدر عمارت تو نہیں ہے مگر قدرتی خوبصورتی کے ساتھ ساتھ دلچسپی کی بہت سی دوسری چیزیں یہاں موجود ہیں ۔ رشت میں ریشم کی فیکٹری ،چاۓ کی فیکٹری ،ڈھلوان زمین پر  کاشت کی ہوئی چاول کی فصلیں اور پتھریلی زمین پر سرسبز کھیت قابل دید مقامات ہیں ۔ دریاۓ خزر کے ساتھ عمارات اور فارم ہاؤسز ایرانی معماری کا بہترین نمونہ پیش کرتے ہیں ۔

رشت پرانے زمانوں میں

رشت نے چودھویں صدی عیسوی میں ایک شہر کی شکل اختیار کرنا شروع کی جب صوبہ گیلان سے لوگوں نے یہاں آ  کر آباد ہونا شروع کر دیا ۔ اس شہر پر روس نے متعدد بار قبضہ کیا اور 1668 ء میں    Cossack brigand stenka razin   کے باغیوں نے شہریوں کا بڑی تعداد میں  قتل عام کیا ۔ پہلی جنگ عظیم میں روس نے دوبارہ قبضہ کر لیا اور 1920 ء میں Bolsheviks   نے بازار کا بیشتر حصہ تباہ کرنے کے ساتھ مقامی آبادی کو شہر چھوڑنے پر مجبور کر دیا ۔ آج کل رشت چاول اور ریشم کی صنعت کے حوالے سے مشہور ہے ۔

بازار

 شہر کے تین بازار ،ڈاکٹر شریعتی ،سعدی اور امام خمینی وسطی چوک (شھداء) میں آ کر ختم ہوتے ہیں ۔ اس چوک کے گرد دلچسپی کی بہت چیزیں ہیں اور ہوٹل بھی تھوڑے ہی فاصلے پر موجود  ہیں ۔ اس علاقے کی ایک پہچان یہاں کے چاۓ خانے ہیں جو اپنی انفرادی خصوصیات کی وجہ سے بہت شہرت کے حامل ہیں ۔ سبزہ میدان سے 250 میٹر کے فاصلے پر میوزیم ہے جہاں نادر اشیاء سیاحوں کی منتظر ہیں ۔ اس کے علاوہ شہر کے بازار بھی خریداری کے لیۓ سیاحوں کی توجہ کا مرکز رہتے ہیں ۔

 

پیشکش: شعبۂ تحریر و پیشکش تبیان