حجاب کیوں ضروری ہے؟ ( حصّہ دوّم )
معاشرے میں حیا کے چلن کو عام کرنے، گھر اور خاندان کے نظام کو پاکیزہ اور مستحکم کرنے اور اخلاق وکردار کو آراستہ کرنے کے لئے اللہ رب العلمین نے اپنی آخری آسمانی کتاب قرآنِ کریم میں واضح طور پر انسانوں کو ہدایت دی اور اس میں پہلے مردوں کو خطاب کیا اور بعد میں عورتوں کو ہدایت دی کہ !
""اے نبی (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ) مومن مردوں سے کہو کہ اپنی نظریں بچا کر رکھیں اور اپنی شرمگاہوں کی حفاظت کریں۔ یہ ان کے لیے زیادہ پاکیزہ طریقہ ہے۔ جو کچھ وہ کرتے ہیں اللہ اس سے با خبر رہتا ہے۔ اور اے نبی( صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ) مومن عورتوں سے کہہ دو کہ اپنی نظریں بچا کر رکھیں اور اپنی شرمگاہوں کی حفاظت کریں اور اپنا بناؤ سنگھار نہ دکھائیں سوائے اس کے جو خود بخود ظاہر ہو جائے اور اپنے سینوں پر اپنی اوڑھنیاں پھیلائے رکھیں۔"" (النور 31,30:24)
ہمارے معاشرے میں یہ تصور عام ہے کہ حجاب کا حکم صرف عورتوں کے لیے ہے مگر اللہ رب العلمین نے مردوں کو بھی اس کا پابند بنایا ہے کہ وہ معاشرہ میں مضبوط اخلاقی نظام کو مستحکم کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔ حجاب محض ڈیڑھ گز کپڑے کے ٹکڑے کو سرپر لپیٹ لینے کا نام نہیں بلکہ یہ ایک پورا اخلاقی نظام ہے جو ہماری پوری زندگی کا احاطہ کئے ہوئے ہے۔ یہ اسلام کا نظام عفت و عصمت ہے جو معاشرے کو پاکیزگی عطا کرتا ہے۔ عورت کو توقیر بخشتا ہے۔ خاندانوں کو مضبوط اور مستحکم کرکے مضبوط معاشرے کی بنیادیں فراہم کرتا ہے۔
بے حجابی شیطان کی اولین چال تھی جس میں اس نے حضرت آدم کو گرفتار کیا اور آج تک اس کی سب سے پسندیدہ چال یہی ہے کہ ابن آدم کو اسی طرح سے گمراہ کرکے اسے اس کے لباس سے محروم کر دے۔ جبکہ اس کے برعکس اللہ رب العالمین نے انسان کو اشرف المخلوقات بنا کر اسے لباس کی تہذیب سے آراستہ کرکے اسے دوسرے حیوانات سے ممتاز کردیا۔
ہمارے ہاں جتنی قیمتی چیز ہوتی ہے۔ اسے اتنا ہی لوگوں کی نظروں سے دور اور مختلف حفاظتی تدابیر کو اختیار کرکے محفوظ رکھا جاتا ہے۔ انسانی حیا اور شرف بھی اللہ کی نظر میں ایک بہت ہی قیمتی اور محفوظ رکھنے کے لائق چیز ہے اور عورت کا حسن اور اس کا وجود اللہ رب العزت نے اور بھی زیادہ محترم اور قیمتی بنایا ہے اور اسے اتنا ہی لوگوں کی نظروں سے محفوظ رکھنے کے لئے حجاب کے احکامات نازل کئے ہیں کہ موتی صدف میں بند ہو کر ہی پرورش پاتا ہے۔
تحریر : سمیحہ راحیل ( کراچی اپ ڈیٹ )
متعلقہ تحریریں :
اہل مغرب کي ايک ظاہري خوبصورتي مگر درحقيقت؟!
خواتين کے بارے ميں اسلام کي واضح، جامع اور کامل نظر
خواتين سے متعلق روايات ميں ظالمانہ فکر و عمل سے مقابلہ
خواتين سے متعلق صحيح اور غلط نظريات
خواتين کے بارے ميں تين قسم کي گفتگو اوراُن کے اثرات
ماں کی عظمت میں شاعری
شوہر داري يعنى شوہر كى نگہداشت اور ديكھ بھال
ماں باپ كى ذمہ داري
لیڈی ہیلتھ ورکر کے مفید مشورے
بچوں کی بات سننے میں ہمیشہ پہل کریں اور انہیں اہمیت دیں